لاہور : 187 سکول داخلہ ہدف پورا نہ کر سکے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(جنید ریاض)لاہور کے 187 سرکاری ہائی سکولز داخلوں کا مقررہ ہدف پورا کرنے میں ناکام ہوگئے، جبکہ انرولمنٹ مہم بھی سکول سربراہان کے کام نہ آسکی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے کم داخلوں والے 187 ہائی سکولوں کے سربراہان سے جواب طلب کرلیا ہے اور انہیں یکم ستمبر کی سہ پہر 3 بجے تک داخلوں کا ہدف مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دستیاب تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول وسن پورہ میں 232 طالبات، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول غازی آباد میں 206، گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول وحدت کالونی میں 201، گورنمنٹ ہائی سکول مومن پورہ راوی روڈ میں 162 اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول محدیہ داتا نگر میں 160 طالبات ہدف سے کم ہیں۔
مزید پڑھیں:دورہ چین کا مقصد پنجاب کو اے آئی دنیا کا ہب بنانا ہے: مریم نواز
اسی طرح گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ساندہ کلاں میں 155، گورنمنٹ گرلز ٹاؤن شپ میں 151، گورنمنٹ اے پی ایس گرلز ماڈل ٹاؤن میں 149، گورنمنٹ سکول گلشن راوی میں 141 اور گورنمنٹ سکول قلعہ لکشمن سنگھ میں 122 طالبات داخلہ ہدف سے کم ہیں۔
سکول سربراہان کا مؤقف ہے کہ بوگس طلباء کے داخلے نادرا کی جانب سے ریجیکٹ کردیئے جاتے ہیں، اس لیے صرف نمبرز پورے کرنے کے لیے بوگس داخلے نہیں کیے جاسکتے، تاہم ایجوکیشن اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ مقررہ وقت تک داخلوں کے اہداف پورے نہ ہونے کی صورت میں سکول سربراہان کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔