کن علاقوں میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے؟

Sep 01, 2025 | 13:29:PM
 کن علاقوں میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے؟
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)دریائے راوی میں آئے شدید سیلاب نے ساہیوال کے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا  جس کے نتیجے میں ضلع بھر کے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

سیلابی پانی کی تیزی نے متعدد گھروں اور علاقوں کو متاثر کیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فوری طور پر ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے،سیلاب کی شدت کو دیکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے 74 سکول مزید 7 روز کیلئے بند رہیں گے، اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

 سکولوں میں ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود  نے واضح کیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے باقی تمام سکول یکم ستمبر کو معمول کے مطابق کھل گئے ہیں اور تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو چکی ہیں۔
 دوسری جانب سیالکوٹ میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں جس کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئیں ۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کو 8 ستمبر تک چھٹیاں دے دی ہیں تاکہ بچوں کو جانی نقصان سے بچایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیمی اداروں کے حوالے سےنیا نوٹیفیکیشن جاری

علاوہ ازیں عارف والا میں ضلعی انتظامیہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، ڈپٹی کمشنر پاکپتن کی ہدایت پر محکمہ تعلیم نے نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق تحصیل کے 12 سکول یکم ستمبر سے تا حکم ثانی بند رہیں گے۔ 

  ڈپٹی کمشنرکے مطابق سکولوں کی بندش کا فیصلہ بچوں اور اساتذہ کی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے کیا گیا ہے،عوام کی جان اور مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیج ہے۔ 

 پنجاب میں بارشیں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر   پنجاب یونیورسٹی میں موسم گرما کی تعطیلات یکم تا 7 ستمبر   کے بعد کلاسز کا آغاز ایک ہفتہ ملتوی کردیا گیا ، ترجمان جامعہ پنجاب یونیورسٹی کے مطابق  یکم تا 7 ستمبر تک ہاسٹل کی الاٹمنٹ جاری رہے گی، پنجاب یونیورسٹی میں دوبارہ کلاسز کا آغاز 8 ستمبر سے ہو گا۔

 واضح رہے کہ پنجاب یونیورسٹی نے 5 جون سے 29 اگست موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا تھاجبکہ تمام ٹیچنگ ڈیپارٹمنٹ کو سمسٹر 8 کی باقی کلاسز چھٹیوں سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ 

   پنجاب یونیورسٹی میں  چھٹیوں کے اعلان کا اطلاق لاہور سے باہر دوسرے شہروں میں تمام کیمپس پر بھی ہو گا۔ 

اس کے علاوہ  پنجاب بھر کے سکول آج کھل گئے اورنئے اوقات کارکا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیاگیاہے،اڑھائی ماہ بعد سکولوں میں باقاعدہ طور پر نصابی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیاہے،سکولوں میں نرسری تا ہائرسکینڈری تک تمام کلاسسز لگیں گی۔

پہلے روز سکولوں میں طلباء کی حاضری 20 فیصد کم رہی،سکول کھلنے پر بچوں میں خوشی کی لہردوڑگئی ہے، سکول کھلنے کےبعدسرکاری سکولوں کیلئے نئے اوقات کار بھی جاری کردیئے گئے ہیں جس کے تحت سکول صبح 8 بجے لگا کریں گے اورڈیڑھ بجے چھٹی ہوگی،جمعہ کےروز چھٹی 12 بجے ہوا کرے گی،سکینڈ شفٹ سکول 2 بجےلگا کریں گے اورساڑھے پانچ بجے چھٹی ہوگی،ڈبل شفٹ سکول جمعہ کے روز اڑھائی بجے لگیں گے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے نئے اوقات کار کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔