نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سلووینیا اور صومالیہ کے ہم منصبوں سے ٹیلیفونک گفتگو

May 01, 2025 | 18:42:PM
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سلووینیا اور صومالیہ کے ہم منصبوں سے ٹیلیفونک گفتگو
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(انور رباس )نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سلووینیا اور صومالیہ کے نائب وزرائے اعظم سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں علاقائی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات  پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان کے مطابق اسحاق ڈار نے سلووینیا کی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ تانجا فاجون سے گفتگو کے دوران بھارت کی جانب سے عائد کیے گئے بے بنیاد الزامات اور یکطرفہ اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد روکنا بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

تانجا فاجون نے پاکستان کی جانب سے پہلگام حملے کی آزاد اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کو خوش آئند قرار دیا اور زور دیا کہ پاکستان اور بھارت کو سفارتی ذرائع سے مسائل حل کرتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے،دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل ارکان کی حیثیت سے کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

علاوہ ازیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے صومالی ہم منصب عبدالسلام عبدی علی سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں وزارت خارجہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی،گفتگو میں اسحاق ڈار نے خطے میں بھارت کے بے بنیاد پراپیگنڈے اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی جیسے اقدامات کے باعث پیدا ہونے والی کشیدگی سے آگاہ کیا۔

صومالی وزیر خارجہ نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن و سلامتی کے لیے سفارتی حل کی اہمیت پر زور دیا،دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر کثیرالملکی تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔

 یہ بھی پڑھیں:  قوم اور مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک کروڑ روپے کا ”وار فنڈ“ قائم