پشاور: پولیس لائن دھماکے میں شہدا کی تعداد 95 ہوگئی

Jan 31, 2023 | 10:10:AM
پشاور پولیس لائنز دھماکے میں شہدا کی تعداد 83 ہوگئی
کیپشن: پشاور مسجد
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) پشاور پولیس لائنز دھماکے میں شہدا کی تعداد 95 جبکہ 221 افراد زخمی ہوگئے۔

ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق رات 12 سے اب تک 17 شہدا کے جسدخاکی اور ایک زخمی کو نکالا گیا ہے جب کہ دھماکے کے 55 زخمی اب بھی زیر علاج ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مطابق دھماکے کے شہدا کی تعداد 95 ہوگئی ہے۔

 حکام کے مطابق مسجد کے ملبے تلے دبے مزید افراد کو نکالنے کے لئے آپریشن جاری ہے جب کہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا جا رہا ہے۔

ریسکیو 1122 پشاور کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نوید اختر کا کہنا ہے کہ حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا کہ آپریشن کب تک مکمل ہوسکے گا، سلیبس کو ہائیڈرولک کٹر کی مدد سے احتیاط سے کاٹا جا رہا ہے تاکہ اگر کوئی اندر پھنسا ہوا ہے تو اس کی جان بچائی جاسکے جب کہ سنسر ڈیوائسز لگا کر زندہ افراد کو چیک کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے علاقے صدر پولیس لائنز میں نماز ظہر کے دوران خودکش حملہ کیا گیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور مسجد کی پہلی صف میں موجود تھا۔

اس حوالے سے وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ حملہ آور ایک، دو دن سے وہیں رہ رہا تھا، آئی جی نے بتایا کہ ہزار سے ڈیڑھ ہزار افراد پولیس لائنز میں رہتے ہیں، پولیس کا خیال ہے کہ اندر کوئی شخص حملہ آور کے ساتھ رابطے میں تھا۔

سی سی پی او پشاور کا کہنا ہےکہ پولیس لائنز میں ہونے والا واقعہ بظاہر خودکش حملہ لگتا ہے،  ہوسکتا ہے کہ حملہ آور پہلے سے ہی پولیس لائنز میں موجود ہو، پولیس لائنز میں ایف آر پی، ایس ایس یو، سی ٹی ڈی سمیت 8 سے زائد یونٹس کے دفاتر ہیں، یہ بھی امکان ہے حملہ آور کسی سرکاری گاڑی میں بیٹھ کر آیا ہو۔