انڈونیشیاکی شہریت کے خواہش مند افراد کیلئے بڑی خبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) انڈونیشیا نے شہریت کیلئے گلوبل سٹیزن شپ آف انڈونیشیا پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے درخواستیں وصول کرنا شروع کر دیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس پروگرام کے تحت سابق شہریوں کو ملک میں لامحدود قیام کا اجازت نامہ فراہم کیا جائے گا۔
انڈونیشیا دوہری شہریت کو تسلیم نہیں کرتا، تاہم حکومت نے دوہری شہریت کے متبادل کے طور پر انڈونیشیائی نژاد غیر ملکیوں کو ملک میں غیر معینہ مدت تک رہنے اور کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز 26 جنوری 2026 کو کیا جائے گا،اس پروگرام میں اب تک کم از کم پانچ افراد نے رجسٹریشن کروا لی ہے۔
رہائشی اجازت ناموں کے ڈائریکٹر جنرل ایڈی ایکو پترانتو کے مطابق ان درخواستوں کا فی الحال جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ آیا یہ لوگ اس کے اہل ہیں یا نہیں؟انہوں نے درخواست گزاروں کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں لیکن اہل افراد میں سابق انڈونیشیائی شہری، ان کے بچے اور پوتے پوتیاں یا نواسے نواسیاں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ترکیہ: نئے سال پر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، داعش کے 357 مشتبہ ارکان گرفتار
انڈونیشیائی شہریوں کے غیر ملکی شریک حیات اور انڈونیشیائی شہری و غیر ملکی کے بچے بھی اس پروگرام کیلئے درخواست دے سکتے ہیں،پروگرام کا اطلاق ان غیر ملکیوں پر نہیں ہوگا جن کا تعلق ان ممالک سے ہے جو کبھی انڈونیشیا کی سرزمین کا حصہ تھے، علیحدگی پسند سرگرمیوں میں ملوث غیر ملکی اس کے اہل نہیں ہوں گے، یہ سہولت ان لوگوں کیلئے بھی نہیں ہے جنہوں نے دوسرے ممالک میں بطور سرکاری ملازم، انٹیلی جنس افسر یا فوجی اہلکار خدمات انجام دی ہوں۔