افغان سرزمین سے دہشتگردی ناقابل برداشت،دہشتگردوں اور سہولتکاروں کاخاتمہ کرینگے،فیلڈمارشل عاصم منیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور)فیلڈمارشل اور آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک سے امن چاہتا ہے مگر افغان سرزمین سے دہشتگردی برداشت نہیں کرے گا، خیبر پختونخوا اور پاکستان کے تمام علاقے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے مکمل طور پر پاک کئے جائیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا، پشاور آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کمانڈر پشاور کور نے کیا۔دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے قبائلی عمائدین سے ملاقات کی، 11 کور ہیڈکوارٹرز میں فیلڈ مارشل کو سیکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو سرحدی علاقوں کی صورتحال، آپریشنل تیاری اور انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔فیلڈ مارشل نے قبائلی عوام کی بہادری، قربانیوں اور دہشت گردی کے خلاف غیر مشروط تعاون کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔قبائلی عمائدین نے پاکستانی افواج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور افغان طالبان کی زیادتیوں کے خلاف بھی کھل کر بات کی۔

آرمی چیف نے قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان تمام ہمساؤں سے امن چاہتا ہے مگر افغان سرزمین سے دہشت گردی برداشت نہیں کرے گا، پاکستان نے تعلقات بہتر بنانے کیلئے افغان حکومت کو بارہا سفارتی و معاشی تعاون کی پیشکش کی،افغان طالبان حکومت بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان کی پشت پناہی کر رہی ہے، خیبر پختونخوا اور پاکستان کے تمام علاقے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے مکمل طور پر پاک کیے جائیں گے۔
قبائلی عمائدین نے آرمی چیف کے دوٹوک مؤقف کو سراہا اور کہا کہ فتنہ الخوارج کی گمراہ کن سوچ کو قبائل میں کوئی پذیرائی نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے انتخاب کے بعد پی ٹی آئی کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی