یوٹیوبر رجب بٹ کیخلاف ایف آئی آر درج نہ ہونے پر وکلا کا سٹی کورٹ میں ہڑتال کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف ایف آئی آر درج نہ ہونے پر کراچی میں وکلا نے بدھ کو سٹی کورٹ میں ہڑتال کا اعلان کردیا۔
صدر کراچی بار عامر وڑائچ کا کہنا ہےکہ بدھ کو کسی پولیس اہلکارکو سٹی کورٹ آنے نہیں دیں گے، جب تک وکلا کی درخواست پر رجب بٹ کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہوتا احتجاج رہےگا۔
وکلا نے سٹی کورٹ میں کل صبح 11 بجے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ صدرکراچی بار کا کہنا ہےکہ اجلاس کے بعد مزید لائحہ عمل دیں گے۔
سٹی کورٹ کے باہر وکیلوں کے احتجاج کے معاملے پر وکیل رہنما عامر وڑائچ نے بتایا کہ وکیلوں کی جانب سے احتجاج موخر کر دیا گیا ہے اور سٹی کورٹ کی سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔
عامر وڑائچ نے کہا کہ اگر کل وکلا کی مدعیت میں مقدمہ درج نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
قبل ازیں،یوٹیوبر رجب بٹ پر وکلا کے تشدد اور اس سے متعلق ایف آئی آر کے معاملے پر صورتحال کشیدہ ہو گئی،ایس ایس پی سٹی آصف بلوچ کے مطابق وکلا نے ایس ایچ او سٹی کورٹ پر تشدد کیا، پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کی اور تھانے میں توڑ پھوڑ بھی کی۔
ایس ایس پی سٹی نے بتایا کہ رجب بٹ کی ایف آئی آر درج ہونے کے بعد وکلا ایک اور مقدمہ درج کرانا چاہتے ہیں تاہم قانون ایک ہی واقعے کی 2ایف آئی آر درج کرنے کی اجازت نہیں دیتا، ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد وکلا نے ایم اے جناح روڈ پر احتجاج بھی کیا۔
دوسری جانب ایم اے جناح روڈ پر یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف مقدمہ درج نہ ہونے پر وکلا کا احتجاج سات گھنٹے بعد ختم کر دیا گیا،صدر کراچی بار نے اعلان کیا ہے کہ کل سے سٹی کورٹ میں غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال ہو گی اور سٹی کورٹ میں پولیس کا داخلہ مکمل طور پر بند ہو گا۔
عامر نواز وڑائچ نے کہا کہ جب تک وکلا کی مدعیت میں رجب بٹ اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا جاتا، ہڑتال جاری رہے گی،صدر کراچی بار نے کہا کہ کراچی بار وکلا کے ساتھ ہے۔
عامر وڑائچ کا کہنا تھا کہ رجب بٹ کے ساتھ آئے افراد نے وکلا پر حملہ کیا، جبکہ وائرل ویڈیو ایڈٹ شدہ ہے اور پہلے کی ویڈیو نہیں دکھائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : پٹواری کی کار پر فائرنگ، بھتیجا جاں بحق، پٹواری شدید زخمی