ساڑھے5 گھنٹے آگے ہونے کی دہائیوں پرانی شق ختم,پاکستان کے معیاری وقت کے قانون میں بڑی تبدیلی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) پاکستان کے معیاری وقت کے قانون میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے GMT سے متعلق پرانی شق ختم کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان78سال بعد اپنے معیاری وقت سے متعلق قانون میں تبدیلی کی جانب بڑھ رہا ہے۔
پارلیمنٹ نے پاکستان کے معیاری وقت سے متعلق قانون میں اہم ترمیم منظور کرلی، جس کے تحت پاکستان کا قانونی معیاری وقت گرین وچ مین ٹائم (GMT) سے ساڑھے پانچ گھنٹے آگے ہونے کی دہائیوں پرانی شق ختم کردی گئی ہے۔
ترمیم کے بعد پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم قانونی طور پر GMT سے 5 گھنٹے آگے ہوگا، یعنی UTC+5 کو باقاعدہ قانونی حیثیت حاصل ہوجائے گی۔
سٹینڈرڈ ٹائم (انٹرپریٹیشن آف ریفرنسز) (ترمیمی) بل 2026 قومی اسمبلی سے 11 مئی جبکہ سینیٹ سے 18 اگست کو منظور ہوا۔ بل اب صدرِ پاکستان کی منظوری کا منتظر ہے۔
ترمیم کے ذریعے 1943 کے اسٹینڈرڈ ٹائم آرڈیننس کی متعلقہ شق سے ’’اور نصف‘‘ کے الفاظ حذف کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق اس ترمیم سے شہریوں کے گھڑیوں کے وقت، دفتری اوقات یا روزمرہ معمولات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، کیونکہ پاکستان گزشتہ کئی دہائیوں سے عملی طور پر GMT+5 یعنی UTC+5 پر ہی عمل کر رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد قانون میں درج وقت اور 1951 سے پاکستان میں عملی طور پر رائج معیاری وقت کے درمیان موجود تضاد ختم کرنا ہے۔
صدرِ پاکستان کی منظوری کے بعد ترمیم شدہ شق پاکستان کے موجودہ معیاری وقت کو باضابطہ طور پر قانونی فریم ورک کا حصہ بنا دے گی۔
یہ بھی پڑھیں : سونا 11200روپے فی تولہ مہنگا؛نئی قیمت جان کرہوش اڑجائیں گے