یمن پر سعودی فورسز کے حملے کی ویڈیو سامنے آگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)ٌسعودی اتحادی فورسز کی جانب سے یمن میں ہتھیاروں اور فوجی گاڑیوں پر حملہ کیا گیا۔ اس غیر معمولی حملے کی ویڈیو سعودی اتحاد کی جانب سے خود ریلیز کی گئی ہے۔ یہ ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
سعودی اتحاد کے مطابق مکلا بندرگاہ پریو اے ای سے آیا اسلحہ علیحدگی پسند فورسز کے لیے تھا۔ اس اسلحہ کی ترسیل روکنے کے لئے حملہ کیا گیا۔
سعودی اتحاد کی جانب سے بندرگاہ کی ایک ڈرون سے بنائی گئی ویڈیو ریلیز کی گئی ہے جس میں بندرگاہ پر گاڑیوں سے سامان کی ان لوڈنگ دکھائی گئی ہے۔
سعودی اتحاد نے کہا ہے کہ اس نے مکلا بندرگاہ پر اتارے گئے اسلحے اور فوجی گاڑیوں کو" ایک محدود کارروائی" میں نشانہ بنایا ہے۔

سعودی عرب کئے حکام کے مطابق یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب دو بحری جہاز بلا اجازت بندرگاہ میں داخل ہوئے اور مشرقی یمن میں "سساؤدرن ٹرانزیشنل کونسل" کے لیے اسلحہ اور عسکری سامان اتارا گیا۔
اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ یہ دونوں جہاز 27 اور 28 دسمبر 2025 کو فجیرہ بندرگاہ سے روانہ ہو کر مکلا پہنچے، تاہم انہوں نے اتحاد کی جوائنٹ فورسز کمانڈ سے کوئی باضابطہ اجازت حاصل نہیں کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ عملے نے اسلحہ اور فوجی گاڑیوں کی بڑی مقدار اتارنے سے قبل جہازوں کے ٹریکنگ سسٹمز کو بھی بند کر دیا تھا۔
کرنل ترکی المالکی کے مطابق یہ کھیپ حضرموت اور المہرہ کے صوبوں میں تنازعات کو ہوا دینے کے لیے تھی جو کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی کھلی خلاف ورزی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2216 (2015) کی بھی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یمن کی پریزیڈنشل لیڈرشپ کونسل کے چیئرمین کی درخواست پر، سعودی اتحاد کی فضائیہ نے منگل کو علی الصبح ایک محدود اور انتہائی درست کارروائی کے ذریعے مکلا بندرگاہ پر اتارے گئے اسلحے اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔