خیبرپختونخوا: کوہاٹ پولیس پر حملے کے بعد جوابی آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک

Aug 30, 2025 | 14:51:PM
خیبرپختونخوا: کوہاٹ پولیس پر حملے کے بعد جوابی آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے تھانہ لاچی کی حدود میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب جوابی آپریشن کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) عباس مجید مروت نے بتایا کہ تھانہ لاچی کی حدود در ملک میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے بعد پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔

دہشتگردوں کے حملے میں ایک پروبیشنر اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) اشفاق شہید اور 2 کانسٹیبل زخمی ہوگئے تھے۔

 واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریجنل پولیس آفیسر عباس مجید مروت اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر زاہد اللّٰہ بھاری نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے، اور آپریشن کی کمان سنبھال لی۔ 

پولیس کی نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کیا، سنگلاخ پہاڑوں اور جنگل میں کیے گئے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، جن کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں،دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دیگر زخمی دہشت گردوں کی تلاش میں آپریشن تاحال جاری ہے۔

آر پی او عباس مجید مروت نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا، ہم اپنے شہیدوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔

یاد رہے کہ کوہاٹ کے تحصیل لاچی کے علاقہ درملک پولیس چوکی کے قریب  پولیس موبائل وین پر فائرنگ  کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔

 ایمرجنسی کی اطلاع ریسکیو 1122 کوہاٹ کنٹرول روم کو موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیموں نے بروقت رسپانس کیا۔

 ریسکیو ٹیموں نے تمام پولیس اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹائپ ڈی ہسپتال لاچی منتقل کیا گیا جہاں سے دو پولیس اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کوہاٹ منتقل کر دیا گیا۔