ریاض کے ہوٹل میں سلنڈر دھماکہ، 1 شخص  چل بسا

Nov 29, 2020 | 12:54:PM
ریاض کے ہوٹل میں سلنڈر دھماکہ، 1 شخص  چل بسا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ایک ہوٹل میں گیس سلنڈر میں ہونے والے دھماکے سے 1 شخص جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی ویب سائٹ کے مطابق واقعہ المونسیہ کے علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں پیش آیا، گیس سلنڈر دھماکہ  اس قدر شدید تھا کہ ہوٹل کا فرنیچر اور سجاوٹ کی اشیا وغیرہ ٹوٹ کر بکھر گئیں، ہوٹل کے شیشے بھی دھماکے سے ٹوٹ گئے۔

ہوٹل میں ہونے والے دھماکے کی شدت سے برابر کی دکانوں کو بھی کافی نقصان پہنچا۔

 دھماکے کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے امدادی یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد علاج کے لئے ہسپتال پہنچا دیا۔

جاں بحق شخص کی لاش بھی ہسپتال کے سرد خانے پہنچا دی گئی۔

شہری دفاع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ دھماکے کی تحقیقات کے لئے متاثرہ ہوٹل کو متعلقہ ادارے کے سپرد کر دیا گیا ہے۔