وزیراعظم کا پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعاون میں پیشرفت پر اظہار اطمینان

Jul 29, 2025 | 11:37:AM
وزیراعظم کا پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعاون میں پیشرفت پر اظہار اطمینان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعاون میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین عزت مآب عادل بیسالوف کی قیادت میں کرغزستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔

وفد پاکستان اور کرغزستان کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے پانچویں (آئی جی سی) اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے جس کا مقصد متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے وفد کا خیر مقدم کیا اور آئی جی سی کے پانچویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 یہ بھی پڑھیں:کھیلتے ہوئے نوجوان کھلاڑی کودل کا دورہ پڑ گیا،دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی

انہوں نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان پروٹوکول اور مفاہمت کی متعدد یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کو سراہا اور انہیں تجارت، توانائی، تعاون، روابط اور عوامی تبادلوں کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا۔

وزیر اعظم نے آئی جی سی کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور معاہدوں کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے انکی مؤثر و بروقت پیروری کی اہمیت پر زور دیا۔

عزت مآب عادل بیسالوف نے دونوں ممالک کے مابین قریبی دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آئی جی سی کے نتائج گہرے اور مزید نتیجہ خیز تعاون کا باعث بنیں گے۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کرغزستان کی عوام کے باہمی فائدے کے لیے مل کر کام کرنے اور دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلقات کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔