ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامز کیلئے ٹیوشن فیس کی حد مقرر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد تُرک)وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کرتے ہوئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ملک بھر کے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامز کیلئے ٹیوشن فیس کی حد مقرر کر دی ہے، پی ایم ڈی سی کے مطابق نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں سالانہ فیس 18 لاکھ روپے سے زیادہ وصول نہیں کی جا سکے گی۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق مقررہ فیس میں تمام ضمنی چارجز شامل ہوں گے اور یہ حد 2024-25 کے تعلیمی سیشن میں زیرِ تعلیم تمام طلبہ پر لاگو ہوگی، چاہے وہ کسی بھی سال میں ہوں، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی اضافی مد میں فیس وصول کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 2025-26 کے تعلیمی سیشن میں فیس کی حد میں 5 فیصد اضافے کے بعد یہ 18 لاکھ 90 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ 2026 کے بعد فیس میں کسی بھی قسم کا اضافہ صرف کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کی بنیاد پر کیا جا سکے گا، جس کے لیے پی ایم اینڈ ڈی سی کی جانب سے الگ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، پی ایم ڈی سی نے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیس سے متعلق ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مقررہ حد سے تجاوز یا ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف پی ایم ڈی سی ایکٹ 2022 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں جرمانے اور دیگر تادیبی اقدامات شامل ہو سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ نجی میڈیکل کالجز میں بے تحاشا فیسوں کے باعث والدین اور طلبہ کو درپیش مشکلات کے پیش نظر کیا گیا ہے، تاکہ میڈیکل تعلیم کو زیادہ سے زیادہ طلبہ کے لیے قابلِ رسائی بنایا جا سکے۔ تعلیمی ماہرین اور طلبہ تنظیموں نے پی ایم ڈی سی کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس پر مؤثر نگرانی اور شفاف عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا ہےہ
یہ بھی پڑھیں:پنجاب حکومت کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی