حسن اور شاہین شاہ کی تباہ کن بائو لنگ ۔۔زمبابوے 176 رنز پر ڈھیر

Apr 29, 2021 | 18:07:PM
حسن اور شاہین شاہ کی تباہ کن بائو لنگ ۔۔زمبابوے 176 رنز پر ڈھیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ بائولنگ کے سبب زمبابوے کی ٹیم پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 176 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت نہ ہوا۔زمبابوے نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اننگز کے دوسرے ہی اوور میں میزبان ٹیم کا کھاتا کھولنے سے قبل ہی حسن علی نے لیون کسوزا کو چلتا کردیا۔پرنس مسوارے اور تریسائی مسوکانڈا نے اسکور کو 18 تک پہنچایا ہی تھا کہ شاہین شاہ آفریدی نے 11 رنز بنانے والے مسوارے کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔اسکور ابھی 30 تک ہی پہنچا تھا کہ نعمان علی نے مساکانڈا کی وکٹیں بکھیر دیں جبکہ حسن علی نے قائم مقام زمبابوین کپتان برینڈن ٹیلر کو چلتا کردیا۔30 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد پہلا میچ کھیلنے والے دونوں کھلاڑی ملٹن شمبا اور روئے کائیا وکٹ پر جمع ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 59 رنز کی شراکت قائم کی۔اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب شمبا 27 رنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہو کر پویلین لوٹے۔کائیا نے دوسرے اینڈ سے بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ریگس چکابوا کے ساتھ مل کر اسکور کو 124 تک پہنچا دیا، کائیا 48 رنز بنانے کے بعد حسن علی کا شکا ر بنے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کو ٹیسٹ رینکنگ میں موجودہ پوزیشن قائم رکھنے کیلئے زمبابوے کے خلاف دونوں میچ جیتنا ضروری
پاکستان کو ساتویں کامیابی کے لیے بھی زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور حسن علی نے 19 رنز بنانے والے چکابوا کو عمران بٹ کی مدد سے چلتا کیا۔دوسرے اینڈ سے شاہین شاہ آفریدی نے بھی عمدہ با ئولنگ کرتے ہوئے ٹنڈائی چسورو کو آئوٹ کر کے دوسری وکٹ حاصل کی۔8وکٹیں گرنے کے بعد ڈونلڈ تریپانو اور بلیسنگ مزربانی نے کچھ ہاتھ دکھاتے ہوئے تیز رفتاری سے رنز اسکور کرنے کی کوشش کی اور نویں وکٹ کے لیے 23 رنز جوڑے لیکن شاہین نے مزربانی کی بھی وکٹیں بکھیر کر ایک اور کامیابی حاصل کی۔شاہین نے عمدہ بائولنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے رچرڈ نگاروا کو آئوٹ کر کے زمبابوے کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ یوں میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 176 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی اور شاہین نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل زمبابوے نے پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔میچ میں پاکستان کی جانب سے ساجد خان جبکہ زمبابوے کے ناراوا، کایا اور شمبا ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے گزشتہ روز زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی فتح کا عزم ظاہر کیا تھا۔اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان نے میزبان زمبابوے 1-2 سے شکست دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:قو می ٹیم کی فا ئنل سلیکشن کو ن کر تا ہے۔۔بابر اعظم نے اندر کی بات بتادی