باجوڑ: فتنہ الخوارج کا چھوڑا گیا بارودی مواد پھٹنے سے 3 بچے شہید، 5 زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(شاہد خان)باجوڑ میں فتنۂ الخوارج کی جانب سے چھوڑے گئے بارودی مواد کے پھٹنے سے 3 معصوم بچے شہید جبکہ 5 زخمی ہو گئے۔
میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ باجوڑ کے علاقے لغڑئی میں اس وقت پیش آیا جب مقامی بچے دہشتگروں کے چھوڑے ہوئے بارودی مواد سے کھیل رہے تھے کہ وہ اچانک پھٹ گیا۔
واقعے کے فوری بعد پاک فوج نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے زخمی بچوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا، جہاں ان کا علاج سی ایم ایچ پشاور میں ماہر فوجی ڈاکٹروں کی زیر نگرانی جاری ہے۔
مقامی پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا محاصرہ کیا اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔
حکام کے مطابق فتنۂ الخوارج ماضی میں بھی مساجد، گھروں اور شہری آبادیوں کو ڈھال بنا کر ایسی دہشت گردانہ کارروائیاں کرتا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے نور زمان نے نیش کپ اسکواش ٹورنامنٹ جیت لیا
ان کا کہنا ہے کہ یہ سانحہ اس بات کا ثبوت ہے کہ فتنۂ الخوارج نے علاقے میں کس طرح خطرناک بارودی جال بچھا رکھا ہے۔
یاد رہے کہ وادیٔ تیراہ میں بھی خوارج کے ذخیرہ شدہ بارودی مواد کے پھٹنے سے متعدد معصوم شہری شہید اور 14 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔
پاک فوج نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ مقامی آبادی کے تعاون سے باجوڑ اور ملحقہ علاقوں کو ان خطرناک عناصر اور ان کے بارودی جالوں سے مکمل پاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں آپریشن کے دوران 17 خوارج ہلاک کیے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا اور بھارتی اسپانسرڈ 17 خوارج کو نشانہ بنایا۔
سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔