’ کمانڈ اسٹک‘ کیا ہے؟

Nov 28, 2022 | 15:13:PM
نئے آرمی چیف کیلئے کمان کی تبدیلی کی تقریب کل ہوگی، جنرل قمر جاوید باجوہ کمانڈ کی چھڑی جنرل عاصم منیر کو سونپیں گے۔ جنرل سید عاصم منیر کمان کی تبدیلی کی تقریب میں فور اسٹار جنرل کے شولڈر رینکس اور کالر میڈل لگا کر شرکت کریں گے۔ تقریب میں تمام مسلح افواج کے سربراہان ،اعلیٰ سول، فوجی افسران شریک ہونگے، پروقار تقریب میں وفاقی وزراء، سفارتکار اور صحافی شرکت کریں گے
کیپشن: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عثمان دل محمد) نئے آرمی چیف کیلئے کمان کی تبدیلی کی تقریب کل ہوگی، جنرل قمر جاوید باجوہ کمانڈ کی چھڑی جنرل عاصم منیر کو سونپیں گے۔ جنرل سید عاصم منیر کمان کی تبدیلی کی تقریب میں فور اسٹار جنرل کے شولڈر رینکس اور کالر میڈل لگا کر شرکت کریں گے۔ تقریب میں تمام مسلح افواج کے سربراہان ،اعلیٰ سول، فوجی افسران شریک ہونگے، پروقار تقریب میں وفاقی وزراء، سفارتکار اور صحافی شرکت کریں گے۔

 ’ کمانڈ اسٹک‘ کیا ہے؟

 کمانڈ کی چھڑی کو کمانڈ اسٹک بھی کہا جاتا ہے، آرمی کمان کی یہ چھڑی انگریزوں کے دور سے فوجی روایت کا حصہ چلی آ رہی ہے۔ کمانڈ اسٹک 1 اسٹار یعنی بریگیڈیئر کے عہدے کے افسران کو سونپی جاتی ہے، یہ اسٹک افسران کو پرانے افسران کی جانب سے دی جاتی ہے۔

پرانا افسر آنے والے نئے افسر کو یہ چھڑی سونپ کر خود نئی چھڑی تھامے نئے عہدے پر ترقی کر جاتا ہے اور یہ سلسلہ آرمی چیف پر جا کر ختم ہوتا ہے۔ اصل اہمیت اسٹک کی نہیں بلکہ عہدے اور اس سے منسلک ذمے داریوں کی ہے۔

 ملاکا یا کمانڈ اسٹک کیسے بنائی جاتی ہے؟

کمانڈ اسٹک سنگاپور کے ایک جزیرے ملاکا کے ایک خاص کین سے تیار کی جاتی ہے، ملاکا میں پایا جانے والا پودا رتن پام کی ایک قسم ہے جو انڈونیشیا میں سماٹرا کے ساحل پر بھی پائی جاتی ہے۔ رتن کے درخت میں لمبے، پتلے تنے ہوتے ہیں جو واکنگ ملاکا اسٹکس بنانے کے لیے بہترین سمجھے جاتے ہیں۔

اس چھڑی کی بناوٹ پر غور کیا جائے تو اس میں دو دو انچ کے فاصلے پر گانٹھ ہوتی ہے جو دیکھنے میں بانس کی لکڑی کی طرح ہی دکھائی دیتی ہے لیکن اس کے مقابلے خاصی پتلی ہوتی ہے۔ وزن میں ہلکی ہونے کے باوجود یہ چھڑی بہت مضبوط ہوتی ہے اور اس کے کوئی دو نمونے ایک جیسے نہیں پائے جاتے۔

 کمانڈ اسٹک کی قیمت کتنی ہے؟

 دنیا بھر کی افواج کے سربراہان اسے کمان اسٹک کے طور پر زیرِ بازو اور کبھی ہاتھ میں اپنی میعاد کے دوران رکھتے ہیں۔ یہ کوئی معمولی اسٹک نہیں ہوتی، اس کی قیمت 10 ہزار پاکستانی روپوں سے بھی زیادہ بتائی جاتی ہے۔

 فوج میں کمانڈ اسٹک کی اہمیت

چھڑی کو فوج میں کمانڈ کی علامت سمجھا جاتا ہے، نئے آرمی چیف کو ملاکا چھڑی دینے کی روایت برطانوی دور سے چلی آ رہی ہے۔ ملاکا کی چھڑی سری لنکا، ہندوستان، برطانیہ سمیت کئی ممالک میں اہم فوجی عہدے داروں کی وردیوں کا حصہ ہے۔

موجودہ آرمی چیف کو کمانڈ اسٹک کس نے دی؟

موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ان سے قبل سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے 26 نومبر 2016ء کو راولپنڈی میں منعقدہ ایک تقریب میں کمانڈ اسٹک بطور جانشین حوالے کی تھی۔

 کمانڈ اسٹک ٹوٹ جائے تو کیا ہو گا؟

 ملاکا کین اسٹک محض فوج میں کمانڈ کی علامت ہے، چھڑی ٹوٹ جانے کی صورت میں (جو ابھی تک کبھی نہیں ہوا)، فوجی سربراہ کے اختیارات پر کوئی اثر مرتب نہیں ہوتا۔ ملاکا اسٹک علامتی طور پر آرمی چیف کی شخصیت اور طاقت میں اضافے کا سبب سمجھی جاتی ہے تاہم اصل اہمیت آرمی چیف کے کندھوں پر موجود بھاری بھرکم ذمے داریوں اور اختیارات کی ہے۔