چینی کی قیمت میں غیرقانونی اضافہ کرنیوالے 7ملزم گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ایف آئی اے کے کمرشل بینکنگ سرکل نے شوگر سٹہ مافیا کے تین ارکان کی گرفتاری کے بعد مزید 4 افراد کو کراچی سے گرفتار کرلیا جس کے بعد گرفتار افراد کی تعداد 7 ہوگئی ہے، ملزموں کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت دو مقدمات درج کرلئے گئے۔
شوگر سٹہ مافیا کی جانب سے منی لانڈرنگ کے خلاف ایف آئی اے حکام نے کریک ڈاؤن شروع کردیا ۔ کارروائی کے دوران تین بروکر دیال داس، سنتوش کمار اور راج کمار گرفتار ہوئے۔اس کے بعد ایک اور کارروائی کے نتیجے میں مزید 4 افراد کو حراست میں لیا گیا، ملزم شوگر بروکر ہیں اور مل مالکان سے مل کر چینی کا مصنوعی بحران پیدا کرنے میں ملوث ہیں۔گرفتار ملزم شوگر سٹہ مافیا میں ملوث ہیں، ملزموں نے مجرمانہ کارروائیوں کےلئے سوشل میڈیا فورمز اور جعلی بینک اکاؤنٹس کا استعمال کیا۔ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ملزموں کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔
ایف آئی اے کی جانب سے مزید تفتیش کی جارہی ہے، ملزموں کو عدالت میں ریمانڈ کے لئے پیش کیا جائے گا۔