فٹبال ورلڈ کپ: کانگو نے تاریخ رقم کر دی، انگلینڈ اور کروشیا بھی ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)فیفا ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے فیصلہ کن مقابلوں کے بعد ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے والی کئی ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا، جہاں انگلینڈ، کولمبیا، پرتگال، کروشیا اور پہلی مرتبہ ڈی آر کانگو نے آخری 32 ٹیموں میں جگہ بنا لی، جبکہ مختلف میدانوں میں شائقین کو سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے۔
گروپ ‘کے’ میں کولمبیا اور پرتگال کے درمیان میامی میں کھیلا گیا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، تاہم دونوں ٹیمیں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہیں۔
کولمبیا نے زیادہ تر وقت کھیل پر برتری برقرار رکھی اور متعدد مواقع بھی بنائے، مگر انہیں گول میں تبدیل نہ کرسکی۔
آخری لمحات میں ڈیوسن سانچیز کا گول وی اے آر کے ذریعے آف سائیڈ قرار دے دیا گیا، جبکہ پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو بھی پورے میچ میں خاطر خواہ اثر نہ چھوڑ سکے۔
گروپ ‘ایل’ میں انگلینڈ نے پاناما کو 0-2 سے شکست دے کر 7 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
پہلے ہاف میں سخت مزاحمت کے بعد جوڈ بیلنگھم نے 62ویں منٹ میں گول کرکے برتری دلائی، جبکہ 5 منٹ بعد ان ہی کے شاندار کراس پر ہیری کین نے گول کرکے انگلینڈ کی فتح یقینی بنادی۔
مزید پڑھیں:ویمن انڈر21 ہاکی چیمپئن شپ 2026 کے لیے آفیشلز کا اعلان
اس گول کے ساتھ ہی کین ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے تاریخ ساز ٹاپ سکورر بھی بن گئے۔
اسی گروپ کے دوسرے میچ میں کروشیا نے گھانا کو 1-2 سے شکست دے کر دوسری پوزیشن اپنے نام کرلی۔
پیٹر سوشچ نے پہلے ہاف میں کروشیا کو برتری دلائی، جسے دوسرے ہاف میں ڈیرک لکاسن نے برابر کردیا۔
تاہم 83ویں منٹ میں لوکا موڈرچ کے کارنر پر نکولا ولاشیچ نے فیصلہ کن ہیڈر سکور کرکے اپنی ٹیم کو قیمتی فتح دلادی۔
شکست کے باوجود گھانا بھی بہترین تیسرے نمبر کی ٹیموں میں شامل ہوکر ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گیا۔
ادھر اٹلانٹا میں ڈی آر کانگو نے ازبکستان کو 1-3 سے شکست دے کر اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
ازبکستان نے ابتدائی برتری حاصل کی تھی، لیکن یوان ویسا نے 2 گول سکور کیے جبکہ فسٹن مایلے نے ایک گول کرکے کانگو کی تاریخی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
ان نتائج کے بعد ناک آؤٹ مرحلے کے اہم مقابلوں کی صف بندیاں بھی واضح ہوگئی ہیں۔
کولمبیا بطور گروپ چیمپئن گھانا سے مقابلہ کرے گا جبکہ پرتگال کا سامنا کروشیا سے ہوگا۔
دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم آخری 32 کے مرحلے میں پہلی مرتبہ ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے والی ڈی آر کانگو کے مدمقابل ہوگی۔