انگلینڈ کے خلاف تیسرا ٹیسٹ میچ، پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 133 پر آل آؤٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی بیٹنگ مشکلات سے دوچار ہوگئی، پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 133 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستان کی جانب سے صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، انہیں اولی رابنسن نے ایل بی ڈبلیو کیا، دوسرے اوپنر اذان اویس 9 رنز بنا کر جوفرا آرچر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
عبداللہ شفیق صرف 3 رنز بنا سکے اور اولی رابنسن کا شکار بنے جبکہ شان مسعود 5 رنز بنا کر جوفرا آرچر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔کپتان بابر اعظم بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 7 رنز بنا کر جوش ٹنگ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
غازی غوری چار رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے وہ جوش ٹنگ کا شکار بنے۔ محمد عمران پانچ رنز بنا کر جوش ٹنگ کے ہاتھ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان نے 15 اوورز میں 48 رنز بنائے تھے اور اس کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی، قومی ٹیم کو ابتدائی نقصان کے بعد اننگز کو سنبھالا دینے کے لیے سعود شکیل اور نچلے نمبروں کے بلے بازوں سے بڑی پارٹنر شپ درکار ہے۔
پاکستان کی آٹھویں وکٹ 101 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، رضا اللہ 11 رنز بنا کر رابنسن کی گیند پر بین ڈکٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 107 رنز کے مجموعی اسکور پر سعود شکیل 43 رنز بنا کر جوش ٹنگ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
پاکستان کی آخری وکٹ 133 کے مجموعی اسکور پر محمد عباس کی گری انہوں نے 21 رنز بنائے، محمد علی پانچ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے چار، اولی رابنسن اور جوفرا آرچر نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے 3 کھلاڑیوں کو ڈیبیو کرایا ہے، پاکستان کو سیریز وائٹ واش سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے۔
ایجبسٹن میں کھیلے جارہے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے لیے پاکستان نے لارڈز ٹیسٹ میں شکست سے دوچار ہونے والی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی ہیں۔ پیس آل راؤنڈر محمد عمران رندھاوا، فاسٹ بولر رضا اللہ اور وکٹ کیپر غازی غوری کو ٹیسٹ ڈیبیو کرایا گیا ہے جبکہ صائم ایوب کی طویل عرصے بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے لارڈز ٹیسٹ میں 194 رنز کی شکست کے بعد 7 کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیجنے اور ان کی جگہ مزید 7 کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا غیر معمولی فیصلہ کیا گیا تھا۔ نئے شامل کیے گئے پانچ کھلاڑی پہلی دفعہ ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔
پاکستان نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں اننگز کی شکست جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 194 رنز سے شکست کھائی، جس کے نتیجے میں انگلینڈ نے تین میچز کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
دوسری جانب انگلینڈ نے سیریز کے ابتدائی دونوں ٹیسٹ میں کامیاب رہنے والی ٹیم پر اعتماد برقرار رکھتے ہوئے تیسرے ٹیسٹ کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کی۔
پاکستان پلیئنگ الیون میں اذان اویس، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، شان مسعود، بابر اعظم (کپتان)، سعود شکیل، غازی غوری (وکٹ کیپر)، محمد عمران رندھاوا، رضا اللہ، محمد علی اور محمد عباس شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:رجب بٹ نے پھر سابق اہلیہ ایمان اسد کو ہتکِ عزت کا قانونی نوٹس بھجوا دیا