خبردار ۔۔!حسن آباد میں گلیشیائی جھیل کسی بھی وقت پھٹ سکتی ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہےکہ ہنزہ کے علاقے حسن آباد میں بننے والی گلیشیائی جھیل کے کسی بھی وقت پھٹنے کا اندیشہ ہے ، محکمہ موسمیات نے اس حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ششپر گلیشیئر کے سرکنے اور پانی کا بہاؤ رکنے سے حسن آباد ہنزہ میں بننے والی جھیل کے پھٹنے کا خدشہ ہے، گلیشیائی جھیل رواں برس موسم گرما میں درجہ حرارت میں اضافہ کے ساتھ پھٹنے کا امکان ہے، اس حوالے سے آئندہ 3 سے 4 ہفتے بہت اہم ہیں، اس دوران اس کی مسلسل نگرانی ضروری ہے تاکہ کسی ناگہانی صورتحال سے متعلق معلومات حاصل ہوتی رہے۔محکمہ موسمیات نے سفارش کی ہے کہ حسن آباد ہنزہ میں آٹومیٹک ویدر اسٹیشن نصب کیا جائے۔ گلاف پراجیکٹ 2 کے ذریعے تجویز کردہ ہائیڈرو میٹیریالوجیکل آلات کی آمد تک ششپر گلیشیئر پر واٹر لیول اور واٹر ڈسچارچ مانیٹرنگ اسٹیشن نصب کیا جائے، اس کے علاوہ گلیشیائی جھیل سے پانی کے اخراج کو یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات بھی کئے جائیں جس کے لئے ہائیڈرالک سائفن تیکنیک استعمال کی جائے تاکہ پانی کے اخراج کے ذریعے ممکنہ خطرے کو کم سے کم کیا جاسکے۔