مقبول پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کی والدہ منیزہ بصیرانتقال کرگئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) لاکھوں دلوں پرراج کرنے والی مقبول ترین پاپ گلوکارہ نازیہ حسن اورگلوکارزوہیب حسن کی والدہ منیزہ بصیرانتقال کرگئیں۔
مسز بصیر حسن کے انتقال کی خبر ان کے بیٹے زوہیب حسن نے سوشل میڈیا پر شیئر کی۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر زوہیب حسن نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے چاہنے والوں کو والدہ کے انتقال سے متعلق آگاہ کیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں اپنی والدہ کے ہمراہ تصاویر پر مشتمل ویڈیو کلپ شیئر کی اور لکھا کہ میری ماں، میری محبت اور میری رہنما انتقال کر گئیں۔
انہوں نے والدہ کی تدفین سے متعلق مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
واضح رہے کہ زوہیب حسن کی والدہ منزا حسن کافی عرصے سے علیل تھیں، وہ موذی مرض ڈیمنشیا کا شکار تھیں،ان کی دیکھ بھال کے لیے چند برس قبل زوہیب حسن بیرون ملک سے پاکستان واپس آگئے تھے۔ اس سے قبل مئی 2020 میں ان کے والد بصیر حسن انتقال کر گئے تھے جبکہ نازیہ حسن 2000 میں کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعدانتقال کرگئی تھیں۔

افسانوی شہرت کی حامل نازیہ حسن کوبجاطورپربرصغیر میں پاپ موسیقی کی بانی اورپاکستان میں پاپ موسیقی کی شہزادی کہا جاتا ہے،انہوں نے غیر معمولی شہرت حاصل کی اور لاکھوں دلوں پر راج کیا،ان کے گیتوں کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے۔

3 اپریل 1965ء کو کراچی میں پیدا ہونے والی نازیہ حسن کا پہلاالبم ”ڈسکو دیوانے“1981 میں آیا جس نے ریلیز کے ساتھ ہی ہر طرف دھوم مچادی اور ان کی شُہرت آسمان کو چھونے لگی۔”ٹائم“میگزین نے انہیں اس وقت کی پچاس بااثرشخصیات کی فہرست میں شامل کیاتھاجنہوں نے پاک وہند کی نوجوان نسل کے مزاج پر گہرا اثر ڈالا،بھائی زوہیب حسن کے ساتھ مل کرنازیہ حسن نے 1982ء میں بوم بوم،1986ء میں ینگ ترنگ،1987ء میں ہاٹ لائن اور1992ء میں کیمرا کیمرا البم ریلیزکئے،دونوں بہن بھائیوں کے گانے اکثریت کی زبان پر تھے۔