تمام راستے اپنائے ہیں،اگرملنےنہیں دیاجاتا تو اگلےلائحہ عمل کااعلان کریں گے;سہیل آفریدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ارشاد قریشی) وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ہم نے تمام قانونی اور جمہوری راستے اپنائے ہیں،عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر ہمارے خدشات بڑھ رہے ہیں،اگر ہمیں ملنے نہیں دیا جاتا تو پھر اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
راولپنڈی میں گورکھپور ناکے پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام قانونی اور جمہوری راستے اپنائے ہیں، میں دھرنے میں آنا چاہتا تھا مگر بانیٔ پی ٹی آئی کی بہنوں نے منع کیا۔
سہیل آفریدی نے صحافیوں سے سوال کیا کہ آپ سمجھتے ہیں کہ اس حکومت کے پاس کوئی اختیار ہے؟ بانیٔ پی ٹی آئی کی ہدایت پر حکومت سے مذاکرات ہوئے لیکن ان کے پاس کوئی اختیار نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو جو ہوا، 23 نومبر کو بھی وہی ہوا، یہ سمجھتے ہیں کہ عوام کا جمہوریت سے بھروسہ اٹھ جائے، حالیہ ضمنی الیکشن میں 95 فیصد لوگ ووٹ دینے نہیں نکلے، پنجاب کے عوام نے ووٹ نہ دے کر بانیٔ پی ٹی آئی سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر ہمارے خدشات بڑھ رہے ہیں،انٹرنیشنل میڈیا پر بانی کی طبیعت کے بارے میں خبریں اور افواہیں چل رہی ہیں،ان خبروں کے بعد پی ٹی آئی اور کارکنان میں تشویش بڑھ رہی ہے،تشویش بڑھی تو قوم سڑکوں پر آئے گی،ہم یہاں ملاقات کے لئے آئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ میں نے کسی سے بات کرنے کی بات نہیں کی کیونکہ ان کے پاس مینڈیٹ ہی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے موجودہ حکومت کے خلاف چارج شیٹ پیش کی ہے، صحافیوں کو چاہیے کہ 5300 ارب کی کرپشن پر بات کریں، یہ پیسہ عام آدمی کے ٹیکس کا پیسہ ہے، بے روزگاری آسمان کو چھو رہی ہے، نوجوان پاکستان چھوڑ کر جارہے ہیں۔
وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ سوال اُن سے بھی ہو گا جنہوں نے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا، این ایف سی میں اپنے صوبے کا مقدمہ لڑنے کے لیے شرکت کروں گا، حکومت نے 4 مرتبہ این ایف سی اجلاس ملتوی کیا ہے۔