امید ہے ٹرمپ غزہ میں بھی جنگ بندی کرائیں گے: محسن نقوی

وزیر داخلہ سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر کی اہم ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکا تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

Jun 27, 2025 | 10:02:AM
امید ہے ٹرمپ غزہ میں بھی جنگ بندی کرائیں گے: محسن نقوی
کیپشن: وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امید ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ میں بھی جنگ بندی کرائیں گے، پاکستان امن کیلئے اٹھائے ہر قدم کا خیر مقدم کرتا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکا تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران ملاقات انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے حوالے سے اشتراک کار پر بھی گفتگو ہوئی، علاقائی صورتحال اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران اسرائیل جنگ بندی کرانے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر معمولی قیادت اور مخلصانہ کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کے بعد ایران اسرائیل سیز فائر کے حوالے سے امریکی صدر کا متاثر کن کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، امید ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ غزہ میں بھی جنگ بندی کرائیں گے، قیام امن کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے زبردست اقدامات کو سراہتے ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے کشمیر سمیت دیگر تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے، پاکستان امن کیلئے اٹھائے ہر قدم کا خیر مقدم کرتا ہے۔

امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا اہم دوست ملک ہے، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔