فلم "ٹائی ٹینک " کے اہم کردار 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

Jun 27, 2023 | 22:14:PM
 فلم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) 1912ءمیں بحر اوقیانوس میں غرق ہونے والے بحری جہاز "ٹائی ٹینک" کی کہانی پر  1997ءمیں بنائی گئی  کینیڈین فلم کے ایک اہم کردار  نبھانے والے اداکار لیو پیلٹر گزشتہ روز 94سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق  اداکار لیوپیلٹر گردوں کے کینسر میں مبتلا تھے،ان کا انتقال امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں واقع ان کے گھر میں ہوا،رپورٹ کے مطابق لیو پیلٹر نے ٹائی ٹینک میں سوار کاروباری شخص "ایسڈور سٹراس" کا کردار نبھایا تھا، جو اپنی اہلیہ ایڈا سٹراس کے ہمراہ ٹائی ٹینک پر سوار تھے۔ اگر آپ نے ٹائی ٹینک فلم دیکھ رکھی ہے تو آپ کو یہ سین بخوبی یاد ہو گا کہ جب جہاز ڈوب رہا ہوتا ہے تو ایک عمر رسیدہ جوڑا ایک دوسرے سے لپٹ کر بستر پر لیٹ جاتا ہے اور خود کو لہروں کے سپرد کر دیتا ہے,یہ میاں بیوی ایسڈور سٹراس اور ایڈا سٹراس تھے، جو نیویارک کے ایک امیر گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں اوشن گیٹ نامی کمپنی کی طرف سے بحر اوقیانوس کی تہہ میں پڑے ٹائی ٹینک کے ملبے کے لیے روانہ کی جانے والی "ٹائٹن" نامی آبدوزکو حادثہ پیش آیا جس میں اوشن گیٹ کمپنی کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سٹاکٹن رش بھی اپنے چار مسافروں کے ہمراہ لقمہ اجل بن گئے۔ یہ بات دلچسپی کا باعث ہو گی کہ سٹاکٹن رش کی اہلیہ وینڈی رش ٹائی ٹینک میں ڈوب کر مرنے والے اسی عمر رسیدہ جوڑے کی پڑپڑ پوتی ہیں۔ 

رپورٹ کے مطابق ایسڈور سٹراس اور اس کا بھائی ناتھن سٹراس امریکہ کی معروف ڈیپارٹمنٹ سٹور کمپنی "میسیز" کے مالک تھے, یہ کمپنی 1858ءمیں ان کے باپ نے امریکہ کے شہر نیویارک میں قائم کی تھی۔ ایسڈور سٹراس اور ناتھن سٹراس 1896ءمیں اس کمپنی کے مالک بنے تھے،ایسڈور سٹراس اور ایڈا سٹراس کی ایک بیٹی کا نام مینی تھی، جس نے 1905ءمیں ڈاکٹر رچرڈ ویل کے ساتھ شادی کی، ان کا بیٹا رچرڈ ویل جونیئر بعد ازاں میسیز کمپنی کا صدر بنا اور آگے اس کا بیٹا ڈاکٹر رچرڈ ویل سوئم وینڈی رش کا باپ ہے۔ 

ایسڈور اور ایڈا سٹراس ٹائی ٹینک میں سوار امیر ترین لوگوں میں سے ایک تھے، ایسڈور اور ایڈا سٹراس جرمن نژاد امریکی تھے، وہ اپنے آباد ملک جرمنی گئے تھے اور ٹائی ٹینک پر سوار ہو کر واپس امریکہ جا رہے تھے۔ ان کے ساتھ ایڈ سٹراس کی ملازمہ ایلن برڈ اور ایسڈور کا ملازم جان فاردنگ بھی ٹائی ٹینک پر سوار تھے۔

واضح رہے کہ آنجہانی اداکار لیو پیلٹر نے متعدد فلموں اور ڈراموں میں کام کیا اور ان کے کئی کردار بہت مشہور ہوئے۔ وہ کیل آرٹس سکول آف تھیٹر میں پروفیسر بھی تھے جہاں سے وہ 2013ءمیں ریٹائر ہوئے۔ اس سکول میں ان کے طالب علموں میں ایڈ ہیریس بھی شامل ہیں جو چار بار آسکر ایوارڈ کے لیے نامز ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک بار آسکر کے لیے نامز ہونے والے ڈان شیڈل اور دو دفعہ ایمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والی اداکارہ سیسلی سٹرانگ بھی انہی کے شاگرد ہیں۔