وزیرداخلہ محسن نقوی کی شہید میجر رب نواز کی رہائش گاہ آمد ،اہلخانہ سے اظہارتعزیت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی مظفر آباد میں شہید میجر رب نواز کی رہائش گاہ آمد ہوئی ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہیدکے والد ،بھائی اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی،وزیر داخلہ نےمیجر رب نواز کی شہادت پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ محسن نقوی نے شہید میجر رب نواز کی بہادری اور شجاعت کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیرداخلہ نے شہید کے والد اور بھائی کے حوصلے اور جذبے کو سراہا۔

وفاقی وزیر داخلہ کاکہناتھا کہ جس قوم کے پاس آپ جیسے بلند حوصلہ والد ہوں،اسے دشمن شکست نہیں دے سکتا۔ میجر رب نواز نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے قیمتی جان وطن پر نچھاور کی۔ میجر رب نواز قوم کے ہیرو ہیں اور ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
محسن نقوی نے کہاکہ شہدا کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔ شہدا وطن نے اپنے قیمتی لہو سے امن کی آبیاری کی ہے اورپوری قوم کو شہدا کی عظیم قربانیوں پر ناز ہے۔
یاد رہے کہ میجر رب نواز نے چند روز قبل بلوچستان کے علاقے آواران میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
یہ بھی پڑھیں:سوات بورڈنے میٹرک نتائج کا اعلان کردیا ،پہلی پوزیشن پرکس کا راج؟اساتذہ حیران