ٹیلر سوئفٹ کو ہراسانی کا سامنا، سیکیورٹی مزیدسخت کردی گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بین الاقوامی شہرت یافتہ پاپ سٹار ٹیلر سوئفٹ نے اپنی جان کو درپیش خطرات کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات میں مزیداضافہ کردیا ۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ اقدامات محض تشہیر یا شہرت کےلیے نہیں بلکہ ایک مبینہ سٹاکر برائن جیسن ویگنر کے سنگین خطرے کے باعث کیے گئے جس کے خلاف گلوکارہ نے عدالت سے عارضی پابندی حاصل کر رکھی ہے۔
حالیہ ہفتوں کے دوران ٹیلر سوئفٹ کے غیر معمولی رویے نے مداحوں میں تجسس پیدا کیا تھا، جب انہوں نے ایروہیڈ سٹیڈیم میں بلٹ پروف سکرین کے پیچھے داخلہ لیا، ابتدا میں اسے کسی نئے البم یا اعلان کا حصہ سمجھا گیا لیکن قریبی ذرائع نے انکشاف کیا کہ یہ دراصل سیکیورٹی کے انتہائی اقدامات تھے جو ممکنہ خطرے کے پیش نظر اٹھائے گئے۔

ذرائع کے مطابق ٹیلر سوئفٹ سٹاکر کی خطرناک حرکات کی وجہ سے شدید تشویش کا شکار ہیں،ان کی سیکیورٹی ٹیم مسلسل الرٹ ہے اور اگر کوئی سنگین خطرہ محسوس ہو تو فوری طور پر پروموشنل پلانز میں تبدیلی کی جاتی ہے۔
ویگنر پر الزام ہے کہ وہ 2024 کے وسط سے سوئفٹ کا پیچھا کر رہا ہے، حتیٰ کہ اس نے ان کے لاس اینجلس والے گھر میں ناجائز طریقے سے داخل ہونے کی کوشش بھی کی تھی، ماضی میں بھی ٹیلرسوئفٹ کو متعدد بارسٹاکرز کی جانب سے ہراساں کیا جا چکا ہے۔