مودی جی سخت ایکشن لیں’’سردار جی3‘‘ تنازعہ بڑھ گیا،دلجیت دوسانجھ پر پابندیوں کا مطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) بھارتی فلم’’سردار جی3‘‘ میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو کاسٹ کرنے پر دلجیت دوسانجھ کے خلاف تنازعات کا سلسلہ جاری ہے اور اب آئی سی ڈبلیو اے (All Indian Cine Workers Association ) نے بھارتی وزیر اعظم کو خط لکھ کر دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ منسوخ کرنے اور ان کا سوشل میڈیا معطل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دلجیت دوسانجھ کو اپنی فلم ’’سردار جی ۳‘‘ میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو کاسٹ کرنے پر تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اب آل انڈیا سائن ورکرز اسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) نے وزیر اعظم نریندرمودی کو ایک خط لکھ کر ان سے دلجیت دوسانجھ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں نہ صرف یہ کہ دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے بلکہ ان کے سوشل میڈیا کو معطل کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔مودی کو لکھے گئے خط میں مطالبات کئے گئے ہیں کہ دلجیت دوسانجھ کےتمام سوشل میڈیا کو معطل کیا جائے،یوٹیوب، اسپوٹی فائی، جیو ساون اور او ٹی ٹی سے دلجیت دوسانجھ کے تمام نغمے ہٹا دیئے جائیں،کسی بھی سرکاری پروگرام، تقریب یا مہم میں دلجیت دوسانجھ کو مدعو نہ کیا جائے،دلجیت دوسانجھ کی فلم ’’سردار جی3‘‘ کی فنڈنگ پر مکمل تفتیش کی جائے اور ملک بھر میں فلم کی ریلیز پر پابندی عائد کی جائے۔
اس کے علاوہ اے آئی سی ڈبلیو اے نے سینٹرل بورڈ آف فلم کلیریفکیشن (سی بی ایف سی) کے چیئرمین سے درخواست کی ہے کہ وہ دلجیت دوسانجھ کے خلاف سخت کارروائی کریں اور مسقبل میں ان کی تمام فلموں کو سرٹیفکیٹ دینے سے منع کر دیں۔ ایسوسی ایشن نے پنجابی گلوکار پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مستقبل میں ان کے ساتھ کام کرنے والے تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔اس حوالے سے دلجیت دوسانجھ نے تنازع پر خاموشی توڑتے ہوئے بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو بتایا ہے کہ سیاسی تنازع کے پھیلنے سے پہلے ہی یہ پروجیکٹ مکمل ہوچکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ فلم بنی تھی تب سب ٹھیک تھا۔ ہم نے فروری میں شوٹ کیا تھا اور اس وقت سب ٹھیک تھا۔ اس کے بعد بہت ساری چیزیں ہمارے ہاتھ میں نہیں ہیں۔ تو پروڈیوسرز نے فیصلہ کیا کہ یہ فلم اب تو بھارت میں نہیں لگے گی اور اسے بیرون ممالک میں ریلیز کرتے ہیں۔ تو پروڈیوسرز کا بہت پیسہ لگا ہوا ہے اور جب یہ فلم بن رہی تھی تب ایسا کچھ تھا نہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اب حالات ہمارے قابو میں نہیں ہیں۔ اسی لئے اگر پروڈیوسرز اس فلم کو بیرون ممالک میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کر رہے ہیں تو میں ان کا تعاون کروں گا۔
واضح رہے کہ فلم’سردار جی3‘‘ میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو کاسٹ کرنے پر دلجیت دوسانجھ کے خلاف یہ تنازع کھڑا ہوا ہے۔ یہ فلم27 جون2025 کو بیرون ممالک میں ریلیز ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے: بھارتی اداکارہ لٹ گئی،آن لائن فراڈیئے نے کام دیکھا دیا