بھارتی ناظم الامور کی دفترخارجہ طلبی

Aug 26, 2022 | 19:21:PM
دفتر خارجہ ، طلبی
کیپشن: دفتر خارجہ فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کیا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں پاکستانی قیدی محمد علی حسین کے جعلی مقابلے میں قتل پر شدید احتجاج کیا گیا۔
 ترجمان کے مطابق بھارتی سفارت کار کو بتایا گیا کہ جیل سے دور ارنیا کے مقام پر محمد علی حسین کی پراسرار حالات میں موت نے ایک بار پھر پاکستان کے اس دیرینہ موقف کو ثابت کردیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج معمول کے مطابق پاکستانی اور کشمیری قیدیوں کے ماورائے عدالت قتل میں ملوث ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو ایک اور پاکستانی قیدی ضیاءمصطفیٰ کا کیس بھی یاد دلایا گیا جسے بھارت نے گزشتہ سال اسی طرح کے ایک جعلی مقابلے میں قتل کردیا تھا۔ بھارتی ناظم الامور کو محمد علی حسین کی موت کے بعد بھارت کی زیر حراست دیگر پاکستانی قیدیوں کے تحفظ اور سلامتی پر بھی پاکستان کے شدید تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔
 پاکستان نے محمد علی حسین کے معاملے میں پیش کی گئی ناقابل فہم وضاحت کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت فوری طور پر اس واقعے کی تفصیلات فراہم کرے جس میں موت کی وجہ کا تعین کرنے اور شفاف تحقیقات کرنے کے لیے ایک معتبر پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی شامل ہے، جو بھی پاکستانی قیدی کے قتل کا ذمہ دار ہے اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ 
 بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اہل خانہ کی خواہش کے مطابق متوفی کی میت کی پاکستان واپسی کو یقینی بنائے۔ ترجمان نے عالمی برادری سے پاکستان کے اس مطالبے کا اعادہ بھی کیا کہ وہ بھارت کو بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کا جوابدہ ٹھہرائے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ بھارت اپنے مذموم عزائم کے لئے مقبوضہ کشمیر میں اپنی زیر حراست پاکستانی اور کشمیری قیدیوں کو نشانہ نہ بنائے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان ضمنی انتخابات میں پہلے سے زیادہ ووٹ لیں گے، عمران اسماعیل کا دعویٰ