پاکستان کا غزہ کے معاملے پرعالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیرمقدم

May 25, 2024 | 12:55:PM
پاکستان کا غزہ کے معاملے پرعالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیرمقدم
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان غزہ میں اسرائیل کے فوجی آپریشن روکنے کے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی عدالت انصاف کے اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے، جس میں اسرائیل کو رفح میں فوجی کارروائی کو فوری طور پر روکنے کا حکم دیا گیا ہے، پاکستان جنوبی افریقہ کی طرف سے اسرائیل کے خلاف آئی سی جے میں دائر درخواست کی حمایت کرتا ہے، اسرائیلی قابض حکام رفح کراسنگ کو انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کے لیے کھلا رکھیں ،  کسی بھی تحقیقاتی کمیشن، فیکٹ فائنڈنگ مشن یا دیگر تحقیقاتی ادارے کی غزہ پٹی تک بلا رکاوٹ رسائی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ  نے کہا کہ اقوام متحدہ نسل کشی کے الزامات کی تحقیقات کرے، پاکستان عالمی عدالت انصاف کے تازہ ترین احکامات کے ساتھ ساتھ 26 جنوری اور 28 مارچ کے سابقہ احکامات پر فوری اور غیر مشروط عمل درآمد کا مطالبہ کرتا ہے،ترجمان دفتر خارجہ کا کہناتھا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ میں اسرائیل کی جاری وحشیانہ فوجی مہم کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے، انسانی امداد کے بلا روک ٹوک بہاؤ کی اجازت اور غزہ میں شہریوں کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کئے جانے چاہیے، ان کارروائیوں پر اسرائیل کو اس کے جرائم کا جوابدہ ٹھہرایا جائے۔

قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی فلسطین میں نسل کشی کے خلاف دائر مقدمے پر عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

یادرہے کہ عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو رفح میں فوجی آپریشن فوری روکنے کا حکم دیا ہے ، اسرائیل ایک ماہ میں اس حکم کے تحت کئے گئے اقدامات سے آگاہ کرے۔