7.5 شدت کا ہولناک زلزلہ، امریکہ سمیت مختلف ممالک لرز اٹھے، وینزویلا میں 10 ہزار جانوں کے ضیاع کا اندیشہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وینزویلا، کریبین جزائر، امریکہ، میکسیکو اور براعظم امریکہ سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔
وینزویلا کا دارالحکومت کراکس دو انتہائی طاقتور زلزلوں سے لرز اٹھا، جہاں چند سیکنڈ کے وقفے سے آنے والے 7.2 اور 7.5 شدت کے جھٹکوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی،زلزلہ کے باعث164افراد ہلاک جبکہ 100 زخمی ہو گئے،ماہرین کے مطابق ہلاکتیں 10ہزار سے زائد ہو سکتی ہیں۔
متعدد عمارتوں کے منہدم ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ خوفزدہ شہری جان بچانے کے لیے گھروں اور عمارتوں سے نکل کر سڑکوں پر آ گئے۔
زلزلے مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 4 منٹ پر کراکس کے مغرب میں واقع علاقے میں آئے، تاہم ان کے جھٹکے پورے وینزویلا میں محسوس کیے گئے اور پڑوسی ملک کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا تک بھی لرزش محسوس کی گئی۔
وینزویلا کے وزیر داخلہ نے شہریوں کو احتیاطاً گھروں سے باہر نکلنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ہنگامی اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔
امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں جبکہ کئی مقامات پر ملبے تلے افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلوں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔
ادارے نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرنے کے امکانات 44 فیصد ہیں جس کے باعث صورتحال انتہائی تشویشناک قرار دی جا رہی ہے۔
حکومتی عہدیدار روڈریگیز کے مطابق وینزویلا کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے مائیکیٹیا ایئرپورٹ کو زلزلے سے ہونے والے شدید نقصان کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔
زلزلے کے فوراً بعد سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسافر اور عملہ خوف و ہراس کے عالم میں ایئرپورٹ کی راہداریوں سے باہر نکل رہے ہیں جبکہ زلزلے کے جھٹکوں کے دوران چھتوں سے گرد و غبار کے بڑے بادل نیچے گرتے دکھائی دیے۔
حکام کے مطابق ایئرپورٹ کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید معائنے مکمل ہونے تک پروازوں کی آمد و رفت معطل رہے گی۔
زلزلے ایسے وقت میں آئے جب وینزویلا میں قومی تعطیل منائی جا رہی تھی اور بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھروں میں موجود تھے جس سے جانی نقصان بڑھنے کا اندیشہ مزید بڑھ گیا ہے۔
حکام کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ہسپتالوں، ریسکیو اداروں اور سیکیورٹی فورسز کو مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کئی علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے جبکہ تباہی کی مکمل تصویر سامنے آنے میں وقت لگ سکتا ہے۔
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق زلزلے کا مرکز ایواتی کے ساحل کے قریب اور اس کی گہرائی 50 کلومیٹر تھی۔
حکام کے مطابق جس علاقے میں زلزلہ آیا وہ سب سے زیادہ خطرے کا زون ہے، جاپانی وزیر دفاع نے فوج کو زلزلہ زدہ علاقوں میں فضائی انٹیلی جنس جمع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
امریکی نائب وزیر خارجہ کرسٹوفر لینڈاؤ نے کہا ہے کہ امریکا اس مشکل وقت میں وینزویلا کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور امدادی سرگرمیوں کے لیے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔
The US stands with the Venezuelan people in the aftermath of this evening’s devastating earthquakes. We’re in touch with the authorities and mobilizing assistance. May God bless our Venezuelan friends at this difficult moment. ¡Fuerza Venezuela! ¡Estamos con Ustedes! ????????????????????
— Christopher Landau (@DeputySecState) June 25, 2026
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کرسٹوفر لینڈاؤ نے کہا کہ آج شام آنے والے تباہ کن زلزلوں کے بعد امریکا وینزویلا کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتا ہے ، ہم مقامی حکام سے رابطے میں ہیں اور امدادی معاونت کو متحرک کیا جا رہا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد اور متاثرین کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مختلف اداروں کے درمیان رابطے جاری ہیں، جبکہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔