10 ہزار طلبہ اور سرکاری ملازمین کو سبسڈی پر الیکٹرک بائیک دی جائے گی، وزیر اعلیٰ محسن نقوی

Nov 24, 2023 | 20:47:PM
10 ہزار طلبہ اور سرکاری ملازمین کو سبسڈی پر الیکٹرک بائیک دی جائے گی، وزیر اعلیٰ محسن نقوی
کیپشن: فوٹو (اسکرین گریب)
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(دُرِ نایاب) نگران وزیراعلیٰ سید محسن نقوی نے کہا ہےکہ پاکستان کے مستقبل کے بارے میں مایوسی پھیلانے والے ہمیشہ کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے، پاکستان نیچے نہیں بلکہ اوپر جائے گا۔

جمعہ کے روز الحمرا ہال میں ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کے کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے، ہمارے پاس بہترین انسانی وسائل موجود ہیں۔ پاکستان بہت جلد ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر ٹیک آف کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں ارشاد باری تعالی ٰہے کہ مایوسی گناہ ہے۔ ہم اگر امید رکھیں گے تو ہمارے بچے بھی پر امید رہیں گے۔ اگر ہم مایوس ہوگئے تو ہمارے بچے بھی مایوس ہوں گے۔ امید کا دامن پکڑ کر سب نے پاکستان کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 ماہ قبل جب پنجاب میں نگران سیٹ اپ آیا تو ہمیں بتایا گیا کہ گندم کا سرکلرڈیٹ 600 ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔ ہم نے عزم کے ساتھ مشکل فیصلہ کیا اور یہ سرکلر ڈیٹ ختم کیا۔ ہماری یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ ٹیم اچھی اور کچھ کرنے کا جذبہ ہوتو مشکل کام بھی آسان ہوجاتے ہیں اور ہم نے 10 ماہ میں یہ عملا ً کرکے دکھایا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں 100 ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ پرانے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے ساتھ نئے ہسپتال بھی بنا رہے ہیں۔ ہم اپنا کام کر رہے ہیں آنے والی حکومت اپنا کام کرے گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ ایئرچیف تعلیم اور ٹیکنالوجی پر بہت توجہ دے رہے ہیں اور انہوں نے ان دونوں شعبوں کیلئے بے مثال کام کیا ہے۔ ہم ایئر چیف کی تعلیم اور ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیے: متحدہ عرب امارات کی جانب سے جھنگ میں بنایا گیا ہسپتال پنجاب حکومت کے سپرد کردیا گیا

انہوں نے کہا کہ ہم نے امید کے ساتھ واپس گھر جانا ہے، مایوسی کے ساتھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچے میں گزشتہ 10 ماہ سے 95 فیصد علاقے پر پنجاب پولیس کا کنٹرول ہے۔ 60 ہزار ایکڑ کا علاقہ ڈاکوؤں سے واگزار کرایا گیا ہے۔ سموگ سے نمٹنے کیلئے ہر سطح پر اقدامات کررہے ہیں۔ پنجاب میں سرکاری سطح پر پٹرول موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اب سرکاری سطح پر الیکٹرک بائیک ہی خریدی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ 10 ہزار طلبہ کو سبسڈی پر الیکٹرک بائیک دی جائیں گی۔ سرکاری ملازمین کو بھی لیز پر الیکٹرک بائیک ملیں گی۔ اگر میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے ایک فیصد بھی کامیاب ہوگیا تو یہ ہماری کامیابی ہوگی۔ بلاشبہ عوام کی سہولت کیلئے بہت سے کام ہوسکتے ہیں لیکن ہم نگران سیٹ اپ میں ہیں۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کورس کے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے۔ ایئر وائس مارشل حسین احمد صدیقی نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور پنجاب حکومت کے فلاح عامہ کے منصوبوں کو سراہا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور ڈی آئی جی پولیس نے صوبے کے عوام کی سہولت اور یلیف دینے کیلئے جاری منصوبوں، امن و مان کی صورتحال اور صوبے میں اصلاحاتی پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔

ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کے کورس کے شرکاء میں پاکستان ایئرفورس، نیوی، آرمی سمیت نائیجریا، جنوبی افریقہ، ایران، سعودی عرب، ملائیشیا، انڈونیشا، یمن اور دیگر ممالک کے آفیسرز شامل تھے۔ صوبائی وزراء منصور قادر، عامر میر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔