متحدہ عرب امارات کی جانب سے جھنگ میں بنایا گیا ہسپتال پنجاب حکومت کے سپرد کردیا گیا

Nov 24, 2023 | 19:53:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(دُرِ نایاب) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے ملاقات کی اور امارات کی جانب سے جھنگ کی تحصیل اٹھارہ ہزاری کے علاقے گلاب والہ میں بنایاگیا ہسپتال پنجاب حکومت کے سپرد کیا۔

وزیراعلیٰ آفس میں گائنی ہسپتال کو یو اے ای سے پنجاب حکومت کے سپرد کرنے کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم اور صوبائی سیکرٹری صحت علی جان نے معاہدے پر دستخط کیے۔

خیال رہے کہ ہسپتال کی عمارت متحدہ عرب امارات کی حکومت نے بنائی تاہم معاہدے کے تحت یہ عمارت محکمہ صحت پنجاب حکومت کے سپرد کردی گئی ہے اور ہسپتال کو پنجاب حکومت ہی چلائے گی۔

یہ بھی پڑھیے: والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب بھر میں بڑھا دیا گیا

اس موقع پر امارات کے سفیر نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے تقریب میں شرکت کی دعوت دی جنہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے دعوت قبول کی۔

ملاقات میں توانائی، جنگلات، ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کانفرنس آف پارٹی 28 انوائرنمنٹ سمٹ میں پاکستان پویلین میں پنجاب کی بھرپور نمائندگی کی جائے گی۔

صوبائی وزراء عامر میر، ڈاکٹر جمال ناصر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹریز زراعت، آبپاشی، صحت، اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔