مناسک حج کاکل سے آغاز :عازمین کو منیٰ منتقل کرنے کا آپریشن آج بعد نماز مغرب شروع 

May 24, 2026 | 10:41:AM
مناسک حج کاکل سے آغاز :عازمین کو منیٰ منتقل کرنے کا آپریشن آج بعد نماز مغرب شروع 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)مناسک حج کا آغاز کل 8 ذی الحجہ سے ہوگا عازمین کو منیٰ منتقل کرنے کا آپریشن آج بعد نماز مغرب کے بعد شروع ہوگا۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق وزیر مذہبی امور کی نگرانی اور قیادت میں حج 2026 کی تیاریاں مکمل ہیں، اب تک 471 پروازوں سے ایک لاکھ 18 ہزار سے زائد عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔

ترجمان کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی عازمین حج کو منیٰ منتقل کرنے کا آپریشن آج بعد نماز مغرب کے بعد شروع ہوگا، جدید بسوں کے ذریعے عازمین کو سیٹ ٹو سیٹ منیٰ پہنچایا جائے گا اور یہ عمل 8 ذی الحجہ دن 10 بجے تک مکمل کیا جائے گا۔

دوران حج شدید گرمی کا امکان ہے، اس لیے عازمین حج مشاعر میں قیام کے دوران طبی ماہرین کے مشوروں پر عمل کریں۔

یہ بھی پڑھیں:بہاولپور : کھیتوں میں بکریاں جانے پر ملزمان کا خاتون پر مبینہ تشدد،گھر بھی نذر آتش

ترجمان وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ ہر 188 حجاج کے گروپ پر ایک نگران ناظم مقرر کر دیا گیا ہے، منیٰ کے خیموں میں پاکستانی ذائقے کے مطابق 3 وقت تازہ کھانا ملے گا۔

منگل 9 ذوالحجہ کو حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ہوگا، 9 ذوالحجہ کو ظہر سے پہلے تمام عازمین کو بسوں، مشاعر ٹرین سے میدانِ عرفات پہنچایا جائے گا۔

9 ذو الحجہ کو حجاج کرام خطبہ حج کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں اپنے خیموں میں ادا کریں گے اور سورج غروب ہونے تک دعاؤں، تسبیحات اور مناجات میں مشغول رہیں گے۔

وقوف عرفات کے بعد مغرب کی نماز پڑھے بغیر بسوں اور مشاعر ٹرین کے ذریعے مزدلفہ پہنچیں گے، مزدلفہ میں مغرب اور عشا کی نماز ادا کریں گے اور رمی کیلیے 70 کنکریاں چنیں گے۔

10 ذوالحجہ کی صبح وقوف مزدلفہ کے بعد حجاج کرام بڑے شیطان کی رمی (کنکر ماریں گے) کریں گے، قربانی کے بعد حجاج کرام حلق یا قصر کرتے ہی احرام سے باہر آ جائیں گے۔

مزید پڑھیں:وباء پھیل گئی!500بچے جاں بحق، ڈاکٹرز کی چھٹیاں منسوخ

10 تا 12 ذو الحجہ کے درمیان کسی بھی وقت حج کا تیسرا فرض طواف زیارت اور واجب سعی کریں گے، 11 اور 12 ذو الحجہ کو منیٰ میں تینوں شیطانوں کی رمی کریں گے اور اپنی رہائش گاہ پر واپس جائیں گے۔