ربیع الاوّل کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ماہ ربیع الاوّل کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا۔
رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس نماز عصر کے بعد محکمہ موسمیات کے آفس کراچی میں ہوگا۔
اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کراچی کے ممبران، وزارت مذہبی امور، محکمہ سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندگان شریک ہوں گے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، پشاور سمیت دیگر علاقوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوں گے جبکہ چاند کی رویت کا حتمی اعلان چیئرمین رویت ہلال کمیٹی ابوالخبیر آزاد کریں گے۔
اس سے قبل پاکستان کے خلائی ادارے اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے ربیع الاول کے چاند سے متعلق پیشگوئی کی تھی۔
ترجمان سپارکو کے مطابق ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر میں 45 منٹ کا فرق ہوگا لہٰذا 24 اگست کو چاند نظر آنے کے قومی امکانات ہیں۔
سپارکو ترجمان کا بتانا تھا کہ امکان ہے ربیع الاول کی پہلی تاریخ 25 اگست 2025 کو ہوگی، اس حساب سے 12 ربیع الاول 5 ستمبر بروز جمعے کو ہوگی۔
دوسری جانب سعودی عرب میں ماہ ربیع الاول کا چاند نظر آگیا، جس کے مطابق یکم ربیع الاوّل 1447 ہجری آج (24 اگست) کو ہے۔
حرمین کے ایکس اکاؤنٹ میں تصویر کے ساتھ لکھا کہ چاند نظر آنے پر مکہ میں کلاک ٹاور کو روشن کر کے ربیع الاوّل آنے کی خبر دی گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے سپریم کورٹ نے تصدیق کی ہے کہ 12 ربیع الاوّل 4 ستمبر 2025 کو ہوگی۔
ادھر عمان کے حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ ملک میں ربیع الاوّل کا چاند 23 اگست کو نظر آگیا ہے اور (بروز اتوار) کو یکم ربیع الاوّل ہے، اس سے قبل کویت کی حکومت نے وزارتوں اور حکومتی اداروں میں 4 ستمبر بروز جمعرات کو یوم ولادت رسولﷺ کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔