ماہانہ صفائی فیس لاگو،ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کو وصولی کا نیا ٹاسک سونپ دیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
( ویب ڈیسک )پنجاب کے شہری علاقوں میں صفائی فیس کی وصولی کا نیا نظام نافذ کردیا گیا ہے، جس کے تحت گھروں اور کمرشل یونٹس سے رقبے اور حجم کے حساب سے ماہانہ فیس وصول کی جائے گی۔ صفائی فیس کی وصولی کی ذمہ داری اب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کو سونپ دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ستھرا پنجاب اتھارٹی اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان سروس لیول ایگریمنٹ پر دستخط ہوگئے ہیں۔
معاہدے پر ڈائریکٹر جنرل ستھرا پنجاب عمر جاوید اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عمر شیر چٹھہ نے دستخط کیے۔ تقریب میں ستھرا پنجاب کے ایڈیشنل ڈی جی رضوان الحق، ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل ڈی جی احمد سعید سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
نئے نظام کے تحت مالی سال 2026-27 میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ صفائی فیس بھی وصول کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں:چینی وِگ اور ناخن چھا گئے، ایکسپورٹرز کی چاندی ہوگئی
معاہدے کے مطابق گھر گھر سروے، صفائی فیس کے بلوں کی پرنٹنگ اور بلوں سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کے ازالے کی ذمہ داری بھی ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی ہوگی۔
ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے صفائی فیس وصول کرنے کا فیصلہ اگست میں ہونے والے 36ویں صوبائی کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد پنجاب کے تمام شہری علاقوں میں صفائی فیس کی وصولی کے لیے یکساں اور منظم نظام قائم کرنا ہے۔
نئے طریقہ کار کے تحت رہائشی گھروں سے ماہانہ صفائی فیس رقبے کے حساب سے وصول کی جائے گی۔ 5 مرلہ تک کے گھر سے 300 روپے، 5 سے 10 مرلہ تک 500 روپے، 10 سے 20 مرلہ تک ایک ہزار روپے، 20 سے 40 مرلہ تک 2 ہزار روپے جبکہ 40 مرلہ سے بڑے گھروں سے 5 ہزار روپے ماہانہ وصول کیے جائیں گے۔
کمرشل یونٹس بھی صفائی فیس کے دائرہ کار میں شامل ہوں گے۔ چھوٹے کمرشل یونٹس سے 500 روپے، درمیانے درجے کے یونٹس سے ایک ہزار روپے جبکہ بڑے کمرشل یونٹس سے 3 ہزار روپے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی۔
صفائی فیس کی وصولی کی خدمات کے عوض ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ ایک فیصد سروس چارجز وصول کرے گا۔
حکام کے مطابق نئے نظام کے ذریعے پنجاب کے شہری علاقوں میں صفائی فیس کی وصولی کو ایک ہی طریقہ کار کے تحت لایا جائے گا، جبکہ بلوں کی تیاری، تقسیم اور شکایات کے ازالے کا عمل بھی ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔