امریکا سے تجارتی کشیدگی کے باوجود چینی بیوٹی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ

Sep 23, 2026 | 10:32:AM
امریکا سے تجارتی کشیدگی کے باوجود چینی بیوٹی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )امریکا اور چین کے درمیان تجارتی کشیدگی کے باوجود چینی بیوٹی مصنوعات، بالوں کی مصنوعات اور مصنوعی ناخنوں کی امریکی مارکیٹ میں مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے، جس سے چینی ایکسپورٹرز کی کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

 غیر ملکی خبر رساں ادارے کے  مطابق چین سے تیار شدہ وِگ، ہیئر ایکسٹینشنز اور مصنوعی ناخن بڑی تعداد میں امریکا پہنچ رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بیوٹی مصنوعات کا شعبہ چین کی وسیع مینوفیکچرنگ صلاحیت اور عالمی سپلائی چین میں اس کی موجودگی کی ایک مثال بن گیا ہے۔

چین کے کسٹمز کے اعدادوشمار کے مطابق 2026 کی پہلی ششماہی میں امریکا کو چینی ہیئر مصنوعات کی برآمدات سالانہ بنیاد پر 12.4 فیصد بڑھ کر 1.3 ارب ڈالر ہوگئیں۔ یہ برآمدات 2025 کے پورے سال کے 2.3 ارب ڈالر کے حجم سے بھی آگے بڑھنے کی سمت میں ہیں۔

چین کے شہر شُوچانگ کو وِگ کی صنعت کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔ ایک چینی ایکسپورٹر جو وِگ کا کاروبار کرتے ہیں، نے بتایا کہ امریکی خریداروں کی طلب کے باعث ان کی فروخت رواں سال 40 فیصد بڑھنے کی توقع ہے، جبکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی مصنوعات کی تشہیر میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ڈیزل کی برآمدات پر پابندی۔۔؟  قیمتیں دگنی ہونے کا خدشہ

مصنوعی ناخنوں کے حوالے سے کسٹمز میں الگ اعدادوشمار دستیاب نہیں کیونکہ انہیں پلاسٹک مصنوعات کے زمرے میں شمار کیا جاتا ہے، تاہم چینی مینوفیکچررز کے مطابق اس شعبے میں بھی کاروبار تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

مشرقی چین کے ڈونگ ہائی کاؤنٹی میں مصنوعی ناخن بنانے والی ایک فیکٹری کے مالک کے مطابق رواں سال برآمدات ان کی مجموعی آمدنی کا تقریباً 70 فیصد بن چکی ہیں، جبکہ 2025 کے آخر میں یہ شرح صرف 20 فیصد تھی، اور امریکی مارکیٹ اس کاروبار کا بڑا حصہ ہے۔

ماہرین کے مطابق چینی بیوٹی مصنوعات کی عالمی مارکیٹ میں کامیابی کے پیچھے بڑے پیمانے پر پیداوار، کم لاگت، جدید مصنوعات اور وسیع سپلائی چین کا اہم کردار ہے۔

رپورٹ کے مطابق شُوچانگ میں تقریباً 3 لاکھ افراد بالوں کی صنعت سے وابستہ ہیں، جبکہ ڈونگ ہائی کاؤنٹی میں مصنوعی ناخن بنانے والے ہزاروں کاروبار موجود ہیں۔

چینی ایکسپورٹرز کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پر پیداوار اور سپلائی چین کے مختلف مراحل کے باہمی انضمام کے باعث انہیں جنوب مشرقی ایشیا سمیت دیگر خطوں کے حریفوں کے مقابلے میں مسابقتی برتری حاصل ہے۔

ماہرین کے مطابق بیوٹی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ چین کی اس وسیع صنعتی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے جو اعلیٰ ٹیکنالوجی سے لے کر کم قدر والی مصنوعات تک مختلف شعبوں میں عالمی مارکیٹ میں موجود ہے۔