پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے شانہ بشانہ کھڑا ہے: شہباز شریف

وزیراعظم نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد پیش کی

Sep 23, 2026 | 09:12:AM
پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے شانہ بشانہ کھڑا ہے: شہباز شریف
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے برادر سعودی قوم کو قومی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی اور تبدیلی کا سفر قابلِ فخر ہے، انہوں نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی متحرک اور دوراندیش قیادت میں سعودی عرب ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور آزمودہ برادرانہ رشتہ باہمی اعتماد اور مشترکہ اقدار پر قائم ہے، جبکہ دونوں ممالک کے تعلقات ایک مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب نے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری کی اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے سعودی عرب پر حالیہ حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی مبینہ کوشش کو بھی قابلِ مذمت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی سے اچھی خبر!تیل سستا ہو گیا

شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔

انہوں نے اپنے پیغام کا اختتام "پاک سعودی بھائی چارہ زندہ باد" کے الفاظ سے کیا۔