حجاب پہننے والی مسلم خواتین کی حوصلہ افزائی کیلئے ’مجسمہ‘ نصب کرنے کا اعلان

Sep 23, 2023 | 12:33:PM
حجاب پہننے والی مسلم خواتین کی حوصلہ افزائی کیلئے ’مجسمہ‘ نصب کرنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)برطانیہ میں حجاب پہننے والی مسلم خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے سٹیل کا مجسمہ نسب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں حجاب پہننے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کیلئے سٹیل کا دراز قد مجسمہ نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ مجسمہ برطانیہ کے دوسرے بڑے شہر برمنگھم میں نصب ہوگا، اس فن پارے کو ’حجاب کی طاقت‘ کا نام دیا گیا ہے۔

اس مجسمے کو لیوک پیری نے ڈیزائن کیا ہے جسے اگلے ماہ (اکتوبر) میں ویسٹ مڈلینڈ کے علاقے اسمتھ وک میں رکھا جائے گا،اسٹیل کا یہ مجسمہ 5 میٹر (16 فٹ) لمبا اور تقریباً ایک ٹن وزنی ہے، خیال کیا جارہا ہے کہ باجحاب لڑکی کا یہ مجسمہ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا مجسمہ ہے۔

 مجسمے کے نیچے یہ الفاظ کندہ ہیں کہ ’یہ عورت کا حق ہے کہ اسے محبت اور عزت دی جائے چاہے وہ اپنے پہننے کے لیے کسی بھی لباس کا انتخاب کرے، اس کی اصل طاقت اس کے دل اور دماغ میں ہے۔‘

مجسمہ تیار کرنے والے ڈیزائنر لیوک پیری کا کہنا ہے کہ ’حجاب کی طاقت‘ ایسا فن پارہ ہے جو اسلامی عقیدے سے تعلق رکھنے والی ان خواتین کی نشاندہی کرتا ہے جو حجاب لیتی ہیں، یہ ہمارے معاشرے کا وہ طبقہ ہے جس کی نمائندگی بہت کم ہے لیکن بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ ’

لیوک پیری نے تسلیم کیا کہ یہ مجسمہ کچھ لوگوں کے لیے ’متنازعہ‘ ہو سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں رہنے والے ہر فرد کی نمائندگی کرنا ضروری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس بات کا امکان ہے کہ یہ مجسمہ بہت سی مختلف وجوہات کی بناء پر متنازعہ ہو سکتا ہے۔