بین الاقوامی انسداد دہشتگردی سے متعلق پاکستان-روس مشترکہ ورکنگ گروپ کا 12واں اجلاس

Jun 23, 2026 | 19:01:PM
بین الاقوامی انسداد دہشتگردی سے متعلق پاکستان-روس مشترکہ ورکنگ گروپ کا 12واں اجلاس
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(انور عباس)بین الاقوامی انسداد دہشت گردی سے متعلق پاکستان-روس مشترکہ ورکنگ گروپ کا 12واں اجلاس 23 جون کو اسلام آباد میں منعقد ہوا،اجلاس میں علاقائی دہشت گردی کے خطرات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق روسی وفد کی قیادت روسی فیڈریشن کے نائب وزیر خارجہ دیمتری لیوبنسکی نے کی جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزارتِ خارجہ پاکستان کے ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ سفیر خالد جمالی نے کی۔ 

اجلاس میں خاص طور پر افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی اور اس سے پڑوسی ممالک اور وسیع تر علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات پر توجہ مرکوز کی گئی،پاکستان نے زور دیا کہ افغانستان کے متعلقہ حکام دہشت گرد گروہوں کے خلاف فوری اور قابلِ تصدیق اقدامات کریں تاکہ افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور ان کے نفاذ کے لیے استعمال نہ ہو۔ 

دونوں فریقوں نے دہشت گردی کے بدلتے ہوئے رجحانات پر بھی غور کیا،ان رجحانات میں دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے مالی معاونت اور بھرتی کے لیے نئے طریقوں کا استعمال شامل ہے،دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ ان ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے مربوط اور مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ 

فریقین نے انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کی بڑھتی ہوئی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا،دونوں جانب نے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز، خصوصاً اقوامِ متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم (SCO)، میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا۔

خیال رہے کہ مشترکہ ورکنگ گروپ کا اگلا اجلاس آئندہ سال ماسکو میں منعقد ہوگا۔ 

یہ بھی پڑھیں : ایرانی صدر کا وزیراعظم ہاؤس آمدپرپرتپاک استقبال ، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا