سنیتا آہوجا گووندا سے طلاق کیلئے عدالت پہنچ گئیں، سنگین الزامات عائد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کے سپر اسٹار گووندا کی اہلیہ سنیتاآہوجا شادی کے 38 سال بعد اداکار سے طلاق لینے کے لیے عدالت پہنچ گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنیتا آہوجا نے گووندا کے خلاف ہندو میرج ایکٹ 1955 کی مختلف دفعات کے تحت باندرہ فیملی کورٹ میں طلاق کی درخواست دائر کردی ہے،سنیتا آہوجا نے مبینہ طور پر سنگین الزامات بھی لگائے ہیں جن میں غیر ازدواجی تعلق، حق تلفی اور بے وفائی کے الزامات بھی شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ طلاق کا مقدمہ دسمبر 2024 میں دائر کیا گیا تھا جس پر عدالت نے گووندا کو 25 مئی کو طلب کیا تھا،اداکار کی اہلیہ پابندی کے ساتھ عدالت میں پیش ہوتی رہیں لیکن گووندا مسلسل غیر حاضر رہے ہیں۔
عدالت کی جانب سے بار بار نوٹس کے باوجود گووندا نہ تو حاضر ہوئے اور نہ ہی کاؤنسلنگ سیشنز میں شریک ہوئے،عدالت رواں برس جون سے دونوں کے درمیان معاملات طے کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن گووندا کی عدم دلچسپی کے باعث ایسا نہیں ہوسکا۔

حال ہی میں سنیتا آہوجا نے اپنے یوٹیوب چینل پر آبدیدہ لہجے میںبتایا کہ میں نے ہمیشہ ماں (کالی ماتا) سے خوشحال شادی کی دعا مانگی اور پھر انھوں نے مجھے گووندا اور دو خوبصورت بچے بھی دیئے، جو کوئی بھی میرا گھر توڑنے کی کوشش کرے گا، اسے دیوی کی سزا ضرور ملے گی، ایک اچھے آدمی اور اچھی عورت کو تکلیف پہنچانا درست نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی اداکاررضا مراد انتقال کر گئے؟ سوشل میڈیا پر خبر وائرل
یاد رہے کہ جوڑی کے درمیان فروری میں کشیدگی کی خبریں اس وقت زور پکڑ گئی تھیں جب سنیتا نے سوشل میڈیا پر اپنے نام سے آہوجا ہٹاتے ہوئے انکشاف کیاتھاکہ وہ اور گووندا برسوں سے الگ رہ رہے ہیں،تاہم دونوں نے ہی کچھ دنوں کی خاموشی کے بعد طلاق کی خبروں کی تردید کردی تھی لیکن اب لگتا ہے کہ یہ رشتہ واقعی آخری مرحلے میں ہے۔
اُس وقت بتایاگیاتھاکہ گووندا کی 30 سالہ مراٹھی اداکارہ سے بڑھتی ہوئی قربتیں طلاق کی وجہ ہوسکتی ہیں،بعد ازاں ان کے وکیل نے بھی تصدیق کی تھی کہ اگرچہ جوڑے نے چھ ماہ قبل طلاق کیلئے درخواست دائر کی تھی لیکن وہ دوبارہ اکٹھے ہو رہے تھے۔
گووندا اب تک مکمل طور پر خاموش ہیں، مداح بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں کہ وہ اپنی بیوی کے الزامات پر کب اور کیا جواب دیں گے۔
شوبزحلقوں کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ بالی ووڈ کی ان مشہور شادیوں میں سے ایک کو ختم کر سکتا ہے جسے برسوں تک’’آئیڈیل جوڑی‘‘ سمجھا جاتا رہا ہے۔