ماہرہ خان کو پہلی بار میں نے ہی بطور وی جے متعارف کرایا تھا: وجاہت رؤف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف ڈائریکٹر اور پروڈیوسر وجاہت رؤف نے انکشاف کیا ہے کہ سپر اسٹار ماہرہ خان کو انہوں نے ہی پہلی مرتبہ بطور وی جے ہائر کیا تھا۔
معروف فلم ساز وجاہت رؤف اہلیہ پروڈیوسر شازیہ وجاہت کے ہمراہ نجی پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے،اس دوران میزبان کے سوال پر وجاہت رؤف نے وضاحت دی کہ عام تاثر ہے کہ ہانیہ عامر کومیں نے شوبز میں انٹری دلوائی درحقیقت ہانیہ گزشتہ 4 سے 5 سالوں سے کام کررہی تھی،اس دوران وجاہت رؤ ف نے انکشاف کیا کہ سپر اسٹار ماہرہ خان کو میں نے پہلی مرتبہ نجی ٹی وی پر بطور وی جے جاب دی تھی۔
وجاہت رؤف نے بتایا کہ کئی سال قبل میں ایک لانچنگ تقریب میں شریک تھا جس دوران ماہرہ پر میری نظر پڑی، میں نے ماہرہ کو ڈانس کرتے دیکھا، اس پورے ایونٹ میں ماہرہ واضح انداز میں ایونٹ انجوائے کررہی تھیں،اس کے بعد میں نے ماہرہ کو بطور وی جے اپنے چینل پر ہائر کرنے کی ٹھان لی، ہائرنگ کے بعد میری ماہرہ سے کمٹمنٹ ہوئی کہ وہ مجھے براہ راست رپورٹ کریں گی اس کے بعد ماہرہ نے اس چینل پر 3 سے 4 سال کام کیا، جب سے آج تک میرا ماہرہ سے بڑا قریبی تعلق ہے۔
ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنے کے سوال پر وجاہت رؤف اور ان کی اہلیہ شازیہ وجاہت نے بتایا کہ ماضی میں ہم کئی مرتبہ ماہرہ کے ساتھ کام کرنے کا ارادہ کرچکے ہیں لیکن کبھی معاوضے اور کبھی مصروفیات کی وجہ سے یہ سلسلہ آگے نہیں بڑھ سکا مگر مستقبل میں ہم ماہرہ اور فواد دونوں کے ساتھ کام کا ارادہ رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان نے اپنے شوبز کیرئیر کا آغاز 2006 میں بطور وی جے کیا تھا لیکن ان کے حصے میں بڑی کامیابی ڈرامہ سیریل ’’ہمسفر‘‘ کی صورت آئی،بعد ازاں ماہرہ خان نے فلمی کیرئیر کا آغاز شعیب منصور کی فلم ’’بول‘‘ سے کیا اس کے بعد ماہرہ خان مختلف فلموں میں نظر آئیں،وہ بالی ووڈ فلم’’’رئیس‘‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ بھی اداکاری کے جوہردکھاچکی ہیں۔