لاہور جنرل ہسپتال گائنی یونٹ 2میں تربیتی کورس،پنجاب بھر سے گائناکالوجسٹس کی شرکت 

حاملہ خواتین کی رہنمائی اور ضروری میڈیکل کیئر کیلئے گائنا کالوجسٹ کا اہم کردار ہوتا ہے: پرنسپل پروفیسرفاروق افضل 

Sep 22, 2025 | 12:33:PM
لاہور جنرل ہسپتال گائنی یونٹ 2میں تربیتی کورس،پنجاب بھر سے گائناکالوجسٹس کی شرکت 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)لاہور جنرل ہسپتال گائنی یونٹ 2کے زیراہتمام تربیتی کورس کاانعقادکیاگیاجس میں پنجاب بھر سے گائناکالوجسٹس نے شرکت کی۔ 
دو روزہ تربیتی کورس کا انعقاد پروفیسر آمنہ احسن چیمہ نے گائنی یونٹ 2میں کیا جس میں صوبہ بھر سے 70ڈاکٹروں نے شرکت کی جو ایف سی پی ایس،آئی ایم ایم اورایم سی پی ایس کے امتحانات میں شریک ہونگے۔ڈاکٹر سائرہ ذیشان نے کورس کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی،اس موقع پر ڈاکٹر لیلیٰ شفیق اور دیگر ڈاکٹرزبھی موجود تھے۔


پروفیسر آمنہ احسن چیمہ نے بتایا کہ تربیتی کورس میں ملک کے معروف گائناکالوجسٹس اور پروفیسرزنے خصوصی لیکچرز دیئے جن میں پروفیسر روبینہ سہیل،پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر، پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب، پروفیسر ڈاکٹر ارشد چیمہ، پروفیسر ڈاکٹر نورین اکمل،پروفیسر ڈاکٹر تبسم رانی، پروفیسر عالیہ بشیر، پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ حسین، پروفیسر ڈاکٹر شمیلہ اعجاز، پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ملک، پروفیسر جودت ، پروفیسر صائمہ اقبال، پروفیسر ڈاکٹر خدیجہ، پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ، ڈاکٹر سائرہ ذیشان اور دیگر ماہرین شامل تھے جنہوں نے امتحانات کی تیاری کے حوالے سے شرکاء کی راہنمائی کی، طلباء کو چاہیے کہ وہ مکمل اعتماد کے ساتھ امتحان میں شریک ہوں تاکہ ہر سوال کا درست جواب دے کر کامیابی حاصل کر سکیں۔    

پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر فاروق افضل نے اس موقع پر کہا کہ گائناکالوجسٹ کا دوران حمل حاملہ خواتین کی رہنمائی اور ضروری میڈیکل کیئر پرووائیڈر کے طور پر بہت اہم کردار ہوتا ہے اور وضع حمل کے وقت ماں اور بچے کی جان بچانے میں گائنا کالوجسٹ کی مہارت، تجربہ اور پیشہ ورانہ قابلیت کلیدی اہمیت رکھتی ہےجو ایک عظیم اور خدائی وصف ہے،اللہ تعالیٰ نے انہیں انسانیت کی خدمت اور تحفظ کی بھاری ذمہ داری سونپی ہے، لہٰذا اُن پر لازم ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو بہتر بنانے اور خواتین کے امراض کو بہتر انداز میں سمجھنے پر بھرپور توجہ دیں تاکہ ماں اور بچے کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے، ان کی کوششوں سے زچگی کے دوران شرح اموات میں بھی کمی آئے گی۔
پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس امتحان میں شریک تمام مرد و خواتین ڈاکٹرز مستقبل کے بہترین گائناکالوجسٹ بنیں گے اور سرکاری و نجی شعبے میں دکھی انسانیت کی خدمت کے ذریعے اپنا نام روشن کریں گے، انہوں نے سینئر اساتذہ کی جانب سے نوجوان ڈاکٹروں کی تعلیمی و پیشہ ورانہ تربیت، مریضوں کی راہنمائی اور جدید تکنیکس سے ہم آہنگ کرنے کی کاوشوں کو سراہنے کے علاوہ نوجوان ڈاکٹروں کو تجربہ و مہارت فراہم کرنے والے ماہرین کا بھی شکریہ ادا کیا۔
 پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے کورس کے شاندار انعقاد پر پروفیسر آمنہ حسن چیمہ، ڈاکٹر سائرہ ذیشان، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق اور دیگر ماہر ڈاکٹروں کی کاوشوں کو سراہااور کہا کہ صوبے بھر سے ڈاکٹروں کی لاہور جنرل ہسپتال میں تربیتی کورس میں شرکت ایک خوش آئند امر ہے اور اس طرح کی تعلیمی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔
پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے آخرمیں کورس میں لیکچر دینے والے میڈیکل ٹیچرزکو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔