سموگ و فضائی آلودگی سے آگاہی و احتیاطی تدابیر مہم جاری

Nov 22, 2022 | 16:24:PM
 سموگ و فضائی آلودگی سے آگاہی و احتیاطی تدابیر مہم جاری
کیپشن: فضائی آلودگی
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) جنرل ہسپتال میں سموگ و فضائی آلودگی سے آگاہی و احتیاطی تدابیر مہم جاری۔

 آگاہی مہم  میں  پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر ن نےشہریوں میں پمفلٹس تقسیم کئے۔
 پرنسپل  پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ سموگ سے آگاہی و بچاؤ کسی ایک شعبے کا مسئلہ نہیں بلکہ بحیثیت شہری ہم سب کواپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ گزشہ روز لاہور جنرل ہسپتال میں سموگ و فضائی آلودگی سے آگاہی کے لئے پمفلٹس تقسیم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سموگ کے بڑھتے ہوئے خطرے،فضائی آلودگی اور اس سے جڑے صحت کے مسائل بارے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے ایل جی ایچ شعبہ بیرون مریضاں اور ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں الگ الگ کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں جہاں پر ضروری عملہ الرٹ رہے گا اور ہسپتال میں آنے والے مریضوں اور اُن کے لواحقین کو اس ضمن میں مکمل آگاہی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اُن پر عمل پیرا ہو تے ہوئے اپنی اور اپنے عزیز و اقارب کی حفاظت یقینی بنا سکیں۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد بن اسلم، ڈاکٹر عرفان ملک، ڈاکٹر جعفر حسین اور ڈاکٹر عبدالعزیز بھی موجود تھے۔
 طبی ماہرین نے شہریوں کو سموگ کی وجوہات، احتیاطی تدابیر اور متاثرہ افراد کے علاج معالجہ کے متعلق آگاہ کیا۔ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند برسوں سے سموگ ہمارے لئے ایک چیلنج کی حیثیت اختیار کر چکا ہے کیونکہ سارا سال فضا میں اکٹھی ہونے والی آلودگی سردی کے اس موسم میں سموگ کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بالخصوص موٹر سائیکل سوار عینک کا سختی سے استعمال یقینی بنائیں، آنکھوں کو مسلنے سے اجتناب برتیں اوررش کے مقامات پر جاتے وقت ماسک پہنیں تاکہ سانس کی وجہ سے فضائی آلودگی اُن کے نظام تنفس کو متاثر نہ کرے۔ 
طبی ماہرین  کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کو اپنی آنکھو ں کو دھونے کے علاوہ پانی سے غرارے کرنے چاہئیں چونکہ عام طور پر سموگ کے باعث آنکھوں، ناک اور گلے میں جلن کی شکائیت اور سانس کی تکلیف میں مبتلا لوگوں کے لئے پریشانی کا باعث بنتی ہے۔ سڑکوں پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، رکشوں اور دیگر وہیکل مالکان کا فرض ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی مرمت و دیکھ بھال یقینی بنائیں تاکہ اس دھوئیں سے فضائی آلودگی میں مزید اضافہ نہ ہو۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آنکھیں سرخ ہونے پر فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں، ٹھنڈے مشروبات اور پینے کے ٹھنڈے پانی سے بھی گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال میں قائم یہ کاؤنٹرز شہریوں کے لئے انتہائی سود مند ثابت ہونگے اور اس اقدام سے سموگ کے اثرات سے بچاؤ میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔