ثنا یوسف قتل کیس میں بڑی پیش رفت، والدہ کا اہم بیان سامنے آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں مقتولہ کی والدہ اور پھوپھو نے عدالت میں پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرادیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے مبینہ قتل کیس کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں سماعت ہوئی، سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے کی، مقتولہ کی والدہ فرزانہ یوسف اور پھوپھو لطیفاں شاہ عدالت میں پیش ہوئیں۔
سماعت کے دوران مقتولہ کی والدہ فرزانہ یوسف نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا، انہوں نے بتایا کہ واقعے کے وقت وہ ان کی نند لطیفاں شاہ اور بیٹی ثنا یوسف گھر میں موجود تھیں، شام پانچ بجے ایک شخص گھر آیا جس نے کالی شرٹ پہن رکھی تھی اور اس کا قد درمیانہ تھا۔
فرزانہ یوسف کا کہنا تھا کہ ملزم نے ثنا یوسف کے سینے پر دو گولیاں ماریں اور فائرنگ کے بعد ہاتھ میں پستول لیے، ثنا کا موبائل فون اٹھا کر فرار ہو گیا، ہمسائے کی گاڑی میں ثنا یوسف کو ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
مقتولہ کی والدہ نے مزید بتایا کہ 13 جون 2025 کو وہ اور لطیفاں شاہ شناخت پریڈ کے لیے جیل گئے جہاں ملزم قطار میں تیسرے نمبر پر کھڑا تھا۔
فرزانہ یوسف نے عدالت سے ملزم کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دیگر بچیوں کے لیے بھی خطرناک ہے جبکہ پھوپھو لطیفاں شاہ نے بھی عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔
سماعت کے دوران ملزم عمر حیات کے وکیل رضوان الہٰی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ انہیں مسلسل فون کالز اور پیغامات کے ذریعے دھمکیاں دی جا رہی ہیں، دھمکیاں دینے والے افراد کا کہنا ہے کہ ان کے افغانستان سے تعلقات ہیں اور انہیں کیس سے پیچھے ہٹنے کا کہا جا رہا ہے۔
رضوان الہٰی نے مزید کہا کہ اپیل میں ہائیکورٹ جانے کے بعد دھمکیوں میں اضافہ ہو گیا ہے اور یہ سب حربے کیس کو لٹکانے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ اگر کسی جانب سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اس موقع پر رضوان الہٰی نے مؤقف اختیار کیا کہ ثنا یوسف کے وکلا سوشل میڈیا پر زیرِ سماعت کیس کے حوالے سے غیر ضروری گفتگو کر رہے ہیں۔
عدالت نے ثنا یوسف کے وکلا کو زیرِ سماعت کیس پر سوشل میڈیا پر غیر ضروری ویڈیوز اور بیانات دینے سے روک دیا۔
اس موقع پر جج افضل مجوکہ نے ریمارکس دیے کہ ماضی میں ایک صحافی نے بھی ایسا کیا تھا جس پر انہیں منع کیا گیا تھا ، بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔
یہ بھی پڑھیں : ترک اداکارہ نےشاہ رخ خان کو’ ’انکل‘‘ کہنے پر وضاحت پیش کردی