حلیم عادل شیخ پر جیل میں تشدد کس نے  کروایا۔۔؟؟؟

Feb 22, 2021 | 12:46:PM
حلیم عادل شیخ پر جیل میں تشدد کس نے  کروایا۔۔؟؟؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ کو سنٹرل جیل کراچی میں مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ سینئر جیل سپریٹنڈنٹ نے واقعے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ پر کوئی تشدد نہیں ہوا ۔کسی نے ہاتھ تک نہیں لگایا۔دوسری جانب وزیرداخلہ شیخ رشید نے حلیم عادل شیخ کےساتھ نارواسلوک  کا نوٹس لے لیا ہے۔

تحریک انصاف  سندھ کے رہنماؤں نے پیپلزپارٹی کی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ کو سینٹرل جیل پہنچتے ہی ان پر غنڈوں سے تشدد کروایا گیا، ان کی طبعیت بہت خراب ہے ، چوٹیں بھی آئی ہیں، جیل کے کچھ سپاہیوں نے ان پر لیٹ کر جاں بچائی، حلیم عادل کے سینے میں تکلیف ہے اور تشدد کی وجہ سے پاؤں کی راڈ بھی ہل گئی ہے۔

اس معاملہ پرجیل حکام کا موقف بھی سامنے آگیا، سینئرجیل سپریٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ پر کوئی تشدد نہیں ہوا اور نہ ہی کسی نے حلیم عادل شیخ کو ہاتھ لگایا ، نہ کوئی تھپڑ یا پتھر مارا۔

دوسری جانب حلیم عادل شیخ نے جیل سپریٹنڈنٹ کو تحریری درخواست دی جس میں انھوں نے موقف اپنایا کہ وہ بلڈ پریشر اور انجائنا کا مریض رہے ہیں اور این آئی سی وی ڈی میں ان کاعلاج معاملہ چلتا رہا ہے انہیں کچھ عرصہ پہلے ڈاکٹرزنے اینجو گرافی کرانے کا کہا تھا اور کچھ دیر پہلے جیل ڈاکٹر نے بھی انہیں چیک کیا ہے۔حلیم عادل شیخ نے موقف اپنایا کہ ان کی طبعیت بگڑ رہی ہے اور انہیں فوری طور پر این آئی وی سی ڈی بھیجا جائے تاکہ میرا علاج ہو سکے،جس پرجیل انتظامیہ نے حکام بالا سے اجازت کے بعد حلیم عادل شیخ کو این آئی وی سی ڈی منتقل کردیا۔
دوسری جانب  وزیرداخلہ شیخ رشید نے حلیم عادل شیخ کےساتھ نارواسلوک  کا نوٹس لے لیا ہے۔شیخ رشید نےچیف سیکرٹری سندھ سےرپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ   حلیم عادل شیخ اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی ہیں ۔ان کے بنیادی انسانی حقوق کاخیال رکھاجائے اور تمام ضروری طبی سہولتیں مہیاکی جائیں۔