عمران خان کا آئندہ سیاست میں کوئی کردار نہیں، مولانا فضل الرحمان 

Sep 21, 2022 | 19:05:PM
پی ڈی ایم ، سربراہ، مولانا فضل الرحمان، عمران خان، سیاستدان ماننے سے انکار
کیپشن: مولانا فضل الرحمان، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے عمران خان کو سیاستدان ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نہ سیاسی تھا نہ ہے اور نہ ہی آئندہ سیاست میں اس کا کوئی کردار ہے، وہ ایشو بیس سیاست کررہاہے جو بلبلے کی طرح ختم ہوجاتی ہے۔
سکھر میں سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تعجب کی بات ہے کہ ایک بین الاقوامی مجرم اور امپورٹڈ چور ملک کی حکومت ،سیاستدانوں اور اداروں کی بات کرتا ہے، ہماری نظر میں یہ مجرم ہے امپورٹڈ چور ہے اور اس کی پوزیشن فارن فنڈنگ کیس میں واضح ہوچکی ہے ،اس پر فرد جرم عائد ہونے والی ہے اس لیے اب وہ سیاسی لیڈر بننا چاہ رہاہے اور اسی لیے اداروں ،حکومت اور جمہوریت پرتنقید کررہاہے تاکہ اگر اس پر ہاتھ ڈالا جائے تو وہ کہہ سکے کہ ایک سیاستدان پر حق گوئی کرنے کی پاداش میں ہاتھ ڈالا گیا ہے لیکن اس پر ایک قومی مجرم اور ملزم کی طرح ہاتھ ڈالا جائے گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور عمران خان جس طرح حکومت میں نااہل جماعت اور نااہل قیادت ثابت ہوئے اسی طرح سیلاب کی تباہ کاریوں میں متاثرین کی مدد میں بھی نااہل ثابت ہوئے ہیں ،پی ٹی آئی والوں نے جہاں ایک جگہ 25 ٹرک بھیجے تھے ان میں سے دو ٹرکوں میں بھی پانی کے سوا کچھ نہیں تھا وہ اسطرح کے ڈرامے کیوں کررہے ہیں ،ناخن کٹواکر شہیدوں میں نام لکھوانا تو آسان بات ہے۔ ان کامزید  کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کس چیز کی آزادی کی بات کرتے ہیں ،ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے آپ نے کیا، جس کا آپ کے اپنے لوگ اعتراف کررہے ہیں،
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کی پالیسیوں کے اثرات اتنی جلدی ختم نہیں ہونگے ،ان کی ساڑھے تین سالوں کی ناکام پالیسیوں سے جو معاشی بدحالی ہوئی وہ تین چار ماہ میں ختم نہیں ہوسکتی،سربراہ پی ڈی ایم نے کہاکہ مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے،جس پر میں بھی پریشان ہوں ،میں نے اور میری پارٹی نے حکومت اور وزیر اعظم پردباؤ ڈال رکھا ہے کہ معیشت کو سنبھالا جائے اور مہنگائی پر قابو پاکر لوگوں کو ریلیف دیاجائے، ان کا کہنا تھا کہ میں پہلے دن سے اس آزمائشی صورتحال میں کسی سیاسی پارٹی پر تنقید کرنے اور سیاسی بات کرنے سے اجتناب کررہا ہوں، سندھ میں متا ثرین کی صورتحال پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا اس پر سندھ کے لوگ تبصرہ کریں وہ جو شکایات کریں گے جائز ہونگی ہم ان کو سنجیدگی سے لیں گے۔
 ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے گرم ماحول میں متاثرین درختوں کے سائے میں وقت گذار رہے ہیں وہ انسانی زندگی کی علامت نہیں ہے زندگی معطل ہے بحالی کیلئے قومی جذبے کی ضرورت ہے اور اس صورتحال میں حکومتوں کا بھی فرض ہے کہ وہ متاثرین تک شفاف انداز میں امداد پہنچائے اور ان کی شکایات کا ازالہ کرے ۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ با رشوں اور سیلاب سے پورے ملک میں انفراسٹرکچر تباہ ہے، پانی ہے کہ اتر نہیں رہاہے حکومت کی جانب سے کئے گئے اعلانات حوصلہ افزا ہیں،ان کا کہناتھاکہ راستے بحال کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن سڑکوں کی تعمیر میں وقت لگے گا ان کا کہنا تھا کہ ٹرانس جینڈر بل جے یوآئی کی نہیں پی ٹی آئی کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اگلے ماہ پنجاب میں ن لیگ کی حکومت ہو گی، رانا مشہود