سینٹ الیکشن،پیپلز پارٹی جیت کیلئےپرعزم،جماعت اسلامی سےمددمانگ لی

Feb 21, 2021 | 10:44:AM
سینٹ الیکشن،پیپلز پارٹی جیت کیلئےپرعزم،جماعت اسلامی سےمددمانگ لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) پیپلز پارٹی نے سینٹ الیکشن میں حمایت کے لئے جماعت اسلامی سے مدد مانگ لی جس کے لئے پی پی کے وفود نے لاہور اور کراچی میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی  کیں۔

پیپلز پارٹی کے دو رکنی وفد نے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور وزیر تعلیم سعید غنی نے ہفتے کو ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور 3 مارچ کو ہونے والے سینٹ انتخابات میں جماعت اسلامی کی جانب سے پیپلز پارٹی کے امید وار کو ووٹ دینے کی درخواست کی۔ملاقات میں کراچی سمیت اندرون سندھ کے عوام کے مسائل بالخصوص شہر قائد کی ابتر صورتحال اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سمیت باہمی امور اور سیاسی حالات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

 جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے صوبائی وزراء سے کہا کہ سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے ٹھوس اقدامات اور فیصلے کئے جائیں کہ عوام کو فوری طور پر ریلیف مل سکے۔ پیپلز پارٹی کی درخواست کے جواب میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے وفد کو بتایا کہ مرکز سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

دریں اثنا پیپلز پارٹی کے امیدوار سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی لاہور میں جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا ہے اور ان سے حمایت حاصل کرنے کی درخواست کی ہے۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں میں مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر شامل تھے۔