قومی و صوبائی اسمبلی حلقے،ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلی کی 7 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا، سندھ اور بلوچستان میں ضمنی الیکشن 16 فروری کو ہوں گے جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر پولنگ 19 فروری کو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ کے حلقہ پی ایس 43 سانگھڑ اور پی ایس 88 ملیر جبکہ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 پشین میں ضمنی انتخاب 16 فروری کو ہوں گے۔ امیدوار کاغذات نامزدگی 23 دسمبر سے 28 دسمبر تک حاصل کر سکیں گے۔ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی 4 جنوری تک کی جائے گی۔ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کو امیدوار ایپلٹ ٹریبونل میں 8 جنوری تک چیلنج کر سکیں گے۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 16 جنوری کو جاری کی جائے گی، امیدواروں کو انتخابی نشان 17 جنوری کو الاٹ کیے جائیں گے۔
اسی طرح قومی اسمبلی کی دو، پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی ایک ایک خالی نشست پر پولنگ 19 فروری کو ہوگی۔ این اے 75 سیالکوٹ، این اے 45 کرم، پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 51 گوجرانوالہ اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 63 نوشہرہ کے ضمنی انتخابات کیلئے جاری شیڈول کے مطابق امیدواران کاغذات نامزدگی 25 دسمبر سے 30 دسمبر تک جمع کرا سکیں گے۔ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی 6 جنوری تک کی جائے گی، امیدواروں کی حتمی فہرست 20 جنوری کو جاری کی جائے گی جبکہ 21 جنوری کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔