کارکن عید کے بعد بھرپور تحریک کی تیاری کریں؛امیر جماعت اسلامی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(نعمان شاہ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کے پی میں سہولیات کا شدید فقدان ہے، تعلیم، صحت اور سڑکوں کی خستہ حالت ہے، بٹگرام ضلع میں ایک بھی ڈگری کالج اور تحصیل بھر میں ایک بھی لیڈی ڈاکٹر کا نا ہونا شرم کا مقام ہے، وزیر اعلیٰ کے پی اس کا جواب دیں، اب نظام بدلنے کا وقت ہے، جماعت اسلامی اس نظام اور روایتی قیادت کو بدلے گی، کارکن عید کے بعد بھرپور تحریک کی تیاری کریں۔
"بدل دو نظام، حق دو بٹگرام" کے عنوان سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ساڑھے 5 لاکھ کی آبادی والے ضلع میں 75 ہزار بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ بڑے بڑے دعوے کرنے والے نوجوانوں کو ڈگری کالج بھی نہیں دے سکے، یہاں وڈیروں اور جاگیرداروں کی اجارہ داری قائم ہے جو اپنے مفاد کے لیے پارٹیاں بدلتے ہیں مگر عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا حکمرانوں نے صرف ارب پتیوں کو پالا ہے، یہاں 49 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے باوجود عوام 16، 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جھیل رہے ہیں ،آئی پی پیز کو کیپیسٹی چارجز کی مد میں اربوں روپے دیئے جا رہے ہیں جبکہ غریب کے لیے پیٹرول پر فی لیٹر 150 روپے ٹیکس وصول کر کے ان کا خون نچوڑا جا رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے سودی نظام کو ملکی معیشت کی تباہی کی اصل وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ کا 45 فیصد سود میں چلا جاتا ہے، جس کی وجہ سے حکمران ایک ایک ارب ڈالر کے لیے بھیک مانگنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے نظام کی تبدیلی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا اب روایتی سیاسی خاندانوں سے جان چھڑانا ہو گی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں ہر پیدا ہونے والا بچہ مالک جبکہ کارکن 40 سال بعد بھی غلام رہتا ہے۔یہ عوام کے پیسوں سے 11 ارب کے جہاز پر پھرتے ہیں، امیر جماعت اسلامی نے کہا نظام بدلنےکے لیے کارکن تیاری کریں عید کے بعد ملک گیر تحریک کی کال دیں گے۔حافظ نعیم الرحمان نے فلسطین میں اسرائیلی کی بربریت کی مذمت کی اور امریکہ کو زوال پذیر قوت قرار دیا۔ انہوں نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے حالیہ اقدامات کو سراہا، تاہم واضح کیا کہ امریکی آشیرباد کی امید رکھنا غلطی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11:لاہور اور کوئٹہ کے درمیان سنسنی خیز میچ، بازی کس کے نام رہی؟ جانیے