شہباز شریف کا ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے تیزی لانے کا حکم

Apr 21, 2026 | 15:09:PM
 شہباز شریف کا ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے تیزی لانے کا حکم
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے تیزی لانے کا حکم دے دیا۔

ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے کے لیے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت  ایک اعلیٰ سطح کا  اجلاس منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی (P3A) اور اس سے متعلقہ نظام کو مزید مربوط بنانے کی اصولی منظوری دی۔

علاوہ ازیں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی تھری اے کی کارکردگی کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے کے لیے یہ ادارہ نجکاری ڈویژن کے تحت کام کرے گا۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ پبلک پرائیویٹ پارٹرنرشپ کے ذریعے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے حوالے سے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کی استعداد میں بہتری لائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کاآپریشن سندور میں بدترین شکست کااعتراف

وزیرِ اعظم نے مزید ہدایت دی کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی جانچنے (KPIs) کا حصہ بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ پی تھری اے کے ذریعے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے نظام کو مزید شفاف اور تیز بنایا جا رہا ہے۔

اجلاس کو خطے اور عالمی سطح پر مختلف ممالک میں رائج پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈلز کا موازنہ پیش کیا گیا جبکہ مجوزہ نئے نظام کے خدوخال پر بھی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے نظام کے تحت پی تھری اے کی نگرانی کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور نجکاری ڈویژن کریں گے، جس پر وزیرِ اعظم نے نئے منظور شدہ نظام کے حوالے سے عملدرآمد پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزرا ڈاکٹر مصدق ملک، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، احسن اقبال، مشیر وزیرِ اعظم محمد علی، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔